وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت ملک کو درپیش مسائل سے نجات دلانے کے وسیع ترقیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، رانا ثناء اللہ خاں

پیر 23 جنوری 2017 23:33

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت ملک کو درپیش مسائل سے نجات دلانے کے وسیع ترقیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے یہی وجہ ہے کہ عوام مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت کی پالیسیوں کو دل و جان سے پسند کرتے ہوئے اس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، انہوںنے یہ بات پی ٹی آئی چھوڑ کر مسلم لیگ میں ساتھیو ں سمیت شمولیت اختیار کرنے والے رانا محمد منور خاں منج کے پی پی 69 کے مرکزی پارٹی دفترعلی پورہ سمندری روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر چیئرمین سٹی کونسل 101 چوہدری ساجد جٹ‘ وائس چیئرمین چوہدری ارشدگجر ‘ کونسلر فیاض بھٹی ‘ چوہدری محمد جاوید کے علاوہ دیگر معززین علاقہ کثیر تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون نے رانا منور خاں منج کو پاکستان مسلم لیگ ( ن) میں شمولیت اختیار کرنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انہیں پارٹی میں قابل احترام مقام دیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن کسی بھی سیاسی جماعت کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں جو عوامی خدمت کا مشن لے کر پارٹی کا پرچم بلند رکھتے ہیں جنہیں کسی طور پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی طرف پارٹی کارکنوں کو جو عزت و مقام دیا جاتا ہے جس کی کسی دوسری سیاسی جماعت میں مثال نہیں ملتی ۔

انہوں نے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ قومی سیاست میں کونسا لیڈر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کوشاں ہے اورترقی کی راہ میں کون روڑے اٹکا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم کی ریکارڈ ملکی و عوامی خدمت کی بدولت پاکستان کا مورال تیزی سے بلند ہوا ہے اور کوئی بھی سیاسی محاذ عوام کے دلوں سے محمد نواز شریف کی محبت ختم نہیں کر سکتا‘ حکومت عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن کوشان ہے جبکہ تحریک انصاف جتنا مرضی پروپیگنڈہ کر لیں وہ عوام کے دلوں سے مسلم لیگ (ن )کی محبت کو نہیں نکال سکتی۔

انہوںنے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کے روشن مستقبل کا ضامن ہے یہ ایک انفراسٹریکچر منصوبہ ہے جس کے ذریعے ملک میں پاور پلانٹس ‘ روڈ نیٹ ورکس اور روز گار کے مواقعوں میں اضافہ ہو گا ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد کا پاکستان بنائیں گے اور وطن عزیز کو خوشحال بنانے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جارہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :