کمشنر کا لینڈ ریکارڈ سنٹر گجرات، عزیز بھٹی شہید ہسپتال اور شوٹنگ کلب کا دورہ کیا

پیر 23 جنوری 2017 23:32

لا لہ موسیٰ۔23جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف نے لینڈ ریکارڈ سنٹر گجرات، عزیز بھٹی شہید ہسپتال اور شوٹنگ کلب کا دورہ کیا اور فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا، ڈپٹی کمشنر گجرات لیاقت علی چٹھہ، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، اے سی گجرات ظہیر چٹھہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے لینڈ ریکارڈ سنٹر کے دورہ کے موقع پر وہاں موجود سائلین سے عملہ کے رویہ اور سنٹر کی کارکردگی کے حوالے سے دریافت کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اجراء فرد، انتقلات ملکیت کے لئے آنیوالے سائلین کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، نام کی درستگی سمیت معمولی نوعیت کی غلطیوں کی درستگی کیلئے سائلین کو ریونیو ادفاتر میں بھیجنے سے گریز کیا جائے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ ضلع گجرات کے 97فیصد موضعات کا لینڈ ریکارڈ کمپوٹرائزڈ کیا جاچکا ہے، سنٹر میں سائلین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر رحمان شہید روڈ پر سات کنال اراضی پر تین منزلہ اراضی ریکارڈ سنٹر کی تعمیر بہت جلد شروع کر دی جائے گی اسی نوعیت کے منصوبہ جات کھاریاں اور سرائے عالمگیر میں بھی شروع کئے جارہے ہیں۔

عزیز بھٹی شہید ہسپتا ل کے دورہ کے موقع پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف نے ایمرجنسی وارڈ ، او پی ڈی وارڈ اور برن یونٹ کا دورہ کیا، انہوں نے مریضوں اور انکے لواحقین سے مفت ادویات کی فراہمی ، ڈاکٹرز و عملہ کے رویہ اور دیگر سہولیات بارے دریافت کیا اور وارڈز میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے ہدایت کی کہ مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

کمشنر گوجرانوالہ کیپٹن (ر) محمد آصف کو شوٹنگ کلب کے دورہ کے موقع پر منصوبے پر جاری کام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے شوٹنگ کلب کے تعمیراتی کام اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید کا اظہار کیا کہ شوٹنگ کلب نشانہ بازی کے فروغ کیلئے بہترین ادارہ ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :