Live Updates

تحریک انصاف کو پارٹی کی غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو منی ٹریل کی وضاحت دینا ہوگی،آئین پاکستان کے تحت غیر ملکی فنڈز پر چلنے والی کسی بھی پارٹی کو کام کی اجازت نہیں،مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کی الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 23 جنوری 2017 23:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو پارٹی کی غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو منی ٹریل کی وضاحت دینا ہوگی۔ پیر کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا کہ عوام پی ٹی آئی کے دہرے معیار سے اب بخوبی واقف ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے تحت غیر ملکی فنڈز پر چلنے والی کسی بھی پارٹی کو کام کی اجازت نہیں ہے اور اس کو فی الفور نااہل قرار دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نے ملک میں سیاسی مخالفین پر الزام لگانے کا کلچر متعارف کروایا ہے جبکہ وہ اداروں پر بھی غلط الزامات عائد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی پوائنٹ سکورنگ میں مصروف ہیں اور اس حوالے سے وہ حکمران جماعت پر بے بنیاد الزام عائد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو پارٹی کے فنڈز کی خورد برد کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو جواب دینا ہوگا۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان نے دوسروں کی کردار کشی کی عادت بنا لی ہے لیکن اب ان کو اس بات کا ثبوت دینا ہوگا کہ انہوں نے کس طرح غیر ملکی فنڈز حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اس حوالے سے الیکشن کمیشن میں نہ ہی اپنا جواب جمع کروایا ہے اور نہ ہی ان کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات