امداد پتافی کو نااہل قرار دے کر وزارت سے برطرف کیا جائے، عبد الجمیل خان

پیر 23 جنوری 2017 23:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء) امن وامان کی صورتحال روز بروز ابتر ہوتی جارہی ہے۔ شہر میں جرائم، چوری، ڈکیتی، رہزنی اور اسٹریٹ کرائمز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ بلدیاتی ادارے صفائی مہم کے نام پر عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں۔ گلی گلی میں کچرے کے ڈھیر اور گٹر ابل رہے ہیں۔ کراچی شہر کا کوئی والی وارث نہیں۔ پولیس اہلکار جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائی کرکے بجائے عام لوگوں کو بے جا تنگ اور پریشان کررہے ہیں۔

سندھ اسمبلی میں خاتون رکن اسمبلی نصرت سحر عباسی کے خلاف صوبائی وزیر کے نازیبا الفاظ کی مذمت کرتے ہیں۔ امداد پتافی کو نااہل قرار دے کر وزارت سے برطرف کیا جائے۔ یہ بات جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے امیر عبد الجمیل خان نے ضلعی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکریٹری ضلع مرزا فرحان بیگ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ عبد الجمیل خان نے کہا کہ شہر میں ایک بار پھر لینڈ گریبر متحرک ہوگئے ہیں اور سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضے کئے جارہے ہیں۔

کورنگی لانڈھی سمیت پورے شہر میں اسٹریٹ کرائمز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ پولیس جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرنے کے بجائے عام شہریوں کو تنگ کررہی ہے اور گھروں میں تعمیراتی کام کئے جانے پر زبردستی بھتہ وصول کیا جارہا ہے اور پولیس کے خلاف عوام میں نفرت پیدا کی جارہی ہے۔ بلدیاتی ادارے سو روزہ مہم کے نام پر قومی خزانے کو لوٹ رہے ہیں اور صفائی مہم اخبارات اور T.V چینل کے علاوہ کہیں اور نظر نہیں آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی کے خلاف صوبائی وزیر کے نازیبا الفاظ نے پوری قوم کے سر شرم سے جھکادیئے ہیں۔ خاتون اسپیکر کی موجودگی میں ایک خاتون رکن اسمبلی کے خلاف اس طرح کے بیہودہ کلمات پوری اسمبلی کے منہ پر طمانچہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی خواتین کے حقوق کی دعویدار ہے لیکن ان کے اپنے وزیر کے نازیبا الفاظ پیپلز پارٹی کے دعوے کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی خواتین کے حقوق کی محافظ ہے اور دین اسلام خواتین کو عزت واحترام فراہم کرتا ہے۔ کوئی بھی شہری خواتین کے خلاف اس طرح کی مغلیات برداشت نہیں کرے گا۔