سویرا واقعہ کی ایف آئی آر میں اے ٹی سی دفعات شامل کرا ئی گئی ہیں۔شمیم ممتاز

سویرا کی طبیعت بہتر ہے، تاہم والدین کے علاوہ ان سے کسی کو ملنے کی اجازت نہیں، کیونکہ بچی خوف میں مبتلا ہے

پیر 23 جنوری 2017 23:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء) صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود شمیم ممتاز نے کہا ہے کہ کورنگی کی بچی سویرا کے واقعہ کے مقدمہ میں اے ٹی سی ایکٹ کی دفعات شامل کرائی گئی ہیں اور ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہچایا جائے گا انہوں نے پیر کے دن پولیس کے اعلیٰ حکام سے فون پر واقعہ کی تحقیقات میں پیش رفت سے متعلق معلومات لیں ،صوبائی وزیر سماجی بہبود نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ایم این اے محترمہ فریال تالپور اور بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے، اور ملوث ملزمان کو سخت سزائیں دلوانے کی ہدایت دی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر انہیں واقعہ کی تحقیقات میں پیش رفت سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ارسال کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سویرا کو پیر کے روز وارڈ میں منتقل کیا گیا ہے، اس کی طبیعت بہتر ہے، تاہم والدین کے علاوہ ان سے کسی کو ملنے کی اجازت نہیں، کیونکہ بچی خوف میں مبتلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں گرفتار 8ملزمان کے ڈی این اے نمونے لیے گئے ہیں۔

جبکہ ملزمان کی شناختی پریڈ یا بچی کوملزمان کی تصاویر دکھانا اس وقت ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں پر تشدد کے واقعات کو روکنے کے لئے سندھ میں ڈویزن کی سطح پر ایس پی رینک کے پولیس افسران کوبطور فوکل پرسن تعینات کیاجارہاہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے آ ئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو ایک مراسلہ بھی ارسال کیاہے۔