29 جنوری کو عوام ہمیں صرف4 گھنٹے دیں ہم عوام کے مسائل حل کر کے دکھائیں گے۔ مصطفی کمال

2018ء تک کا انتظار نہیں کر سکتے عوام کے لئے بنیادی سہولیات فی الفور چاہئے ۔چیئر مین پاک سر زمین پارٹی 29 جنوری کو عوام حکمرانوں کے احتساب کے لئے تبت سینٹر آئیں اور تاریخی تبدیلی کا حصہ بنتے ہوئے پاکستانی ہونے کا حق ادا کریں

پیر 23 جنوری 2017 23:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء) پاک سر زمین پارٹی کی جانب سے 29 جنوری کو منعقد جلسے کے لئے عوامی رابطہ مہم عروج پر جاری ۔ چیئر مین سید مصطفی کمال ، صدر انیس قائم خانی سمیت اراکین سینٹرل ایکزیکٹو کمیٹی اور نیشنل کونسل کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کئے جا رہے ہیں۔جن میں مختلف برادریوں ، تنظیموں، مارکیٹ یونینز اورعلماء اکرام سے ملاقاتیں کی گئیںاور پاک سر زمین پارٹی کے امن کے پیغام کو ان تک پہنچایا گیا ۔

عوام بالخصوص خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے مصطفی کمال، انیس قائم خانی سمیت دیگرپی ایس پی رہنمائوں کا شہر بھر میںاپنے علاقوں میں آمد پرپرجوش استقبال کرتے ہوئے پھولوں کے ہار پہنائے، پتیاں نچھاور کیں، رہنمائوںاور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

جن میں بالخصوص لیاری ، چکرا گوٹھ ، کورنگی، اورنگی ، رنچوڑلائن ، لیاقت آباد، گلستان جوہر، گلشن معمار،نارتھ کراچی، حیدری ، گزری ، لانڈھی ، سعیدآباد ، بلدیہ اور پاک کالونی وغیرہ کے علاقے شامل ہیں ۔

ان موقعوںپررہنمائوں نے شہر بھر کے مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی اور20سے زائد دفاتر کا افتتاح بھی کیا۔ مصطفی کمال نے عوام کو 29 جنوری کے جلسے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ عوام ہمیں صرف4 گھنٹے دیں ہم عوام کے مسائل حل کر کے دکھائیں گے۔2018 تک کا انتظار نہیں کر سکتے عوام کے لئے بنیادی سہولیات فی الفور چاہئے ۔29 جنوری کو عوام حکمرانوں کے احتساب کے لئے تبت سینٹر آئیں اور تاریخی تبدیلی کا حصہ بنتے ہوئے پاکستانی ہونے کا حق ادا کریں۔