وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کارپوریٹ کے شعبہ کی اصلاحات کا جائزہ اجلاس منعقد ‘ چیئرمین ای سی پی پی نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی جانب سے نئے کمپنیز لاء کے حوالہ سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی

پیر 23 جنوری 2017 23:04

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کارپوریٹ کے شعبہ کی اصلاحات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کارپوریٹ کے شعبہ کی اصلاحات کا جائزہ اجلاس پیر کو یہاں منعقد ہوا جس میں سیکورٹیز اینڈ ایکسیچنج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی جانب سے نئے کمپنیز لاء کے حوالہ سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی جن کا مقصد پاکستان کے کارپوریٹ شعبہ میں اصلاحات متعارف کرانا ہیں۔

چیئرمین نے وفاقی وزیر کو ایس ای سی پی کی جانب سے کئے جانے والے دیگر اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں غیر ملکی شراکت داروں کا پرجوش استقبال کیا گیا ہے اور مستقبل میں سٹاک مارکیٹ کی کارکردگی میں مزید بہتری ہو گی۔ وزیر خزانہ نے اصلاحات کے حوالہ سے ایس ای سی پی کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ سٹاک مارکیٹ میں غیر ملکی شراکت داروں کی شمولیت سے بہترین نتائج حاصل ہوئے ہیں اور اصلاحات سے ملک کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر کی اچھی گورننس ضروری ہے جو معیشت کی تیز تر ترقی کو یقینی بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی کو اصلاحات کے عمل میں اپنا مثبت کردار جاری رکھنا چاہئے۔