پائیدار امن کے قیام تک آپریشن جاری رہے گا ،امن و امان کے قیام میں قانون نا فذ کرنے والے اداروں نے قربانیاں دیں، عوام کے بھرپور تعاون سے مد د ملی ، بطور اسپیکر حکومت اور اپوزیشن کے اراکین کو ایک نظر سے دیکھتا ہوں ،

قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی کا پاک نیول کالج لاہور کے 46 ویں پاکستان نیوی اسٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب

پیر 23 جنوری 2017 23:04

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج خان درانی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششوں کے باعث صوبہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے یہی وجہ ہے کہ آپریشن کو آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک جاری رکھا جائے گا تاکہ صوبہ میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنایا جاسکے۔

ان خیالات کا انہوں نے پاک نیول کالج لاہور کے 46 ویں پاکستان نیوی اسٹاف کورس کے شرکاء کے 90 رکنی وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا جس نے کالج کے کمانڈنٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی۔ آغا سراج درانی نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کے باعث صوبہ سندھ بشمول کراچی میں امن وامان میں بہتری آئی ہے جس کا اعتراف پورے صوبے کے عوام کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کے بھرپور تعاون کے باعث صوبہ میں امن وامان کے قیام میں مدد ملی ہے۔ آغا سراج درانی نے کہا کہ گورنر صوبہ میں صدر مملکت کا نمائندہ ہوتا ھے اور آئین کے تحت اسے وزیر اعلی کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوتا ہے کیونکہ صوبہ کا چیف ایگزیکٹو وزیر اعلی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے جن میں کراچی کو مزید پانی کی فراہمی کا منصوبہ K-IVبھی شامل ہے اس کے ذریعہ کراچی میں پینے کے پانی کی کمی کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔

آغا سراج نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام ترقیاتی ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ شہریوں کے مسائل بلا کسی رکاوٹ کے جلد از جلد حل کئے جاسکیں۔بطور اسپیکر فرائض کی ادائیگی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر آغا سراج درانی نے کہا کہ وہ حکومت اور اپوزیشن کے اراکین کو ایک نظر سے دیکھتے ہیں اور اپوزیشن اراکین کو بھرپور موقع دیتے ہیں تاکہ وہ اسمبلی کی کارروائی میں مکمل طور پر حصہ لے سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں توازن کو بھی بہت اہمیت دیتے ہیں۔ بعد ازاں وفد کے سربراہ کو گورنر ہائوس کی شیلڈ دی گئی جبکہ رئیر ایڈمرل معظم الیاس نے آغا سراج کو نیول کالج کا نشان پیش کیا۔