سندھ اسمبلی ؛ حکومت سندھ صوبے میں غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی گزارنے والے لوگوں کی غربت میں کمی کے پروگرام کے تحت مدد کر رہی ہے،

وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ہزار خان بجارانی

پیر 23 جنوری 2017 23:04

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) سندھ کے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ہزار خان بجارانی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ صوبے میں غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی گزارنے والے لوگوں کی غربت میں کمی کے پروگرام کے تحت مدد کر رہی ہے اور اسے یونین کونسلوں کے ذریعہ امداد مہیا کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے یہ بات پیر کو سندھ اسمبلی میں وزارت منصوبہ بندی و ترقیات سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے مختلف سوالوں کا جواب دیتی ہوئے کہی ۔

میر ہزار خان بجارانی کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ صوبے کے عوام کی ترقی اور انہیں بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ترقیاتی منصوبے شروع کرتی ہے ۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل کے سلسلے میں پہلے ٹیکنیکل کمیٹی پی سی ون کا جائزہ لیتی ہے ۔

(جاری ہے)

اس کی منظوری کے بعد ترقیاتی اسکیموں کو سالانہ اے ڈی پی میں شامل کر لیا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بعض ترقیاتی اسکیمیں فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے نامکمل ہیں جبکہ کچھ پر فنی دشواریوں کا سامنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 2008-09 کے دوران سندھ میں 189 ترقیاتی اسکیموں پر کام مکمل کیا گیا اور 344 ایسی اسکیمیں تھیں ، جن پر کام شروع نہیں کیا جا سکا ۔ انہوں نے بتایا کہ 2009-10 کے دوران صوبے میں 400 ترقیاتی اسکیموں کو اے ڈی پی کے تحت مکمل کیا گیا ۔ 990 پر کام جاری ہے جبکہ 325 پر کام شروع نہیں کیا جا سکا ۔ وزریر منصوبہ بندی نے ارکان سندھ اسمبلی کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے حلقوں میں جو ترقیاتی اسکیمیں تعطل کا شکار ہیں ، ان پر جلد کام شروع کرنے کی کوشش کی جائے گی اور اس سلسلے میں ارکان ان کے پاس آ کر ملاقات کرنا چاہیں تو وہ انہیں ہمیشہ خوش آمدید کہیں گے ۔

متعلقہ عنوان :