جدید پارکنگ پلازوں کی سہولت کو مرحلہ وار پورے شہر کے اہم مقامات تک پھیلایا جائے گا‘عبداللہ خان سنبل

شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے حل اور جدید پارکنگ کی فراہمی کیلئے نہایت سرعت سے کام کیا جائے گا ‘کمشنر لاہور ڈویژن

پیر 23 جنوری 2017 23:01

جدید پارکنگ پلازوں کی سہولت کو مرحلہ وار پورے شہر کے اہم مقامات تک پھیلایا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء) بس اسٹینڈنزد ریلوے اسٹیشن، مال روڈ عقب پرانی ٹولنٹن مارکیٹ، داتا دربار، ٹاؤن ہال، لوئر مال نزد باغ ولی مسجد اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے مقامات پر پارکنگ پلازے تعمیر کیے جائیں گے۔ تمام متعلقہ محکمے چار روز کے اندر اپنی رپورٹس پیش کریں گے۔ لاہور کے مرکزی علاقوں اور شاہراہوں پر پارکنگ کی جدید پیمانوں پر فراہمی سے ٹریفک کے بہاؤ میں روانی اور سڑکوں پر گاڑیوں کے اژدہام میں کمی ہوگی۔

کمشنر لاہور ڈویژن عبدا لله خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار شہر میں پارکنگ پلازوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں لارڈمیئر لاہور کرنل(ر) مبشر جاوید نے بھی شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ امجد چوہدری، جاوید یونس ایل سٹرکچرل انجینئر، ایم ڈی لاہور پارکنگ کمپنی عثمان قیوم، سی ای او ایل ٹی سی خواجہ حیدر لطیف، اے سی ماڈل ٹاؤن راؤ امتیاز، اے سی سٹی صفدر ورک، اے سی شالیمار خرم نیازی و دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے کہا کہ لاہور میں مناسب پارکنگ نہ ہونے سے شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے حل اور جدید پارکنگ کی فراہمی کے لیے نہایت سرعت سے کام کیا جائے گا اور مجوزہ پارکنگ پلازوں کے لیے تمام ابتدائی کام مکمل کرکے وزیراعلی پنجاب کی منظوری کے لیے بھجوائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اہداف کو متعین مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جدید پارکنگ پلازوں کی سہولت کو مرحلہ وار پورے شہر کے اہم مقامات تک پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں ابتدائی طور پر 7 مقامات کو ترجیح میں رکھا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :