وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پشاور میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی، گلیوں کی پختگی اور خوبصورتی پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

پیر 23 جنوری 2017 22:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبائی دارلخلافہ پشاور شہر میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی، گلیوں کی پختگی اور پشاور شہر کی ترجیحی بنیادوں پر خوبصورتی پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ہے وہ پشاور کی خوبصورتی، سڑکوں اور فلائی اوورز کی تعمیر کے سلسلے میں وزیراعلیٰ ہائوس میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

سینئر وزیر بلدیات عنایت الله، چیف سیکرٹری ، انتظامی سیکرٹریز، کمشنر پشاور، ڈی جی پی ڈے اے نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ نے فلائی اوورز ، پشاور کی خوبصورتی ، سڑکوں کی تعمیر کے سلسلے میں نیشنل کنسٹرکشن کمپنی کو ادائیگیوں کے طریقہ کار کا جائزہ لینے اور اس کے حل کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جس کی سربراہی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کریں گے اور ممبران میں سی اینڈ ڈبلیو، سیکرٹری فنانس، ڈی جی پی ڈی اے اور این ایل سی کا نمائندہ شامل ہو گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ پشاور میںاندرون شہرگلیوں کو پختہ کرکے سڑکوں اور دیگر منصوبوں پر2.2 ارب روپے لاگت آئے گی جس کیلئے ضروری فنڈز فراہم کر دیئے گئے ہیں ۔انہوںنے مزید ہدایت کی کہ زکوڑی لیولII فلائی اوور اور ورسک روڈ فلائی اوور پرکام شروع کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوںنے پلوسی روڈ پر بھی کام شروع کرنے کی ہدایت کی اس کیلئے حکومت این ایل سی کو 50 فیصد ادائیگی کرے گی جبکہ باقی ماندہ ادائیگی طے شدہ فارمولہ کے مطابق کی جائے گی۔

پرویز خٹک نے کہاکہ حکومت 8 بلین روپے کی لاگت سے پشاور میں نکاسی آب کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ اس مسئلے کا کل وقتی حل تلاش ہو سکے۔ اس کے علاوہ صفائی، خوبصورتی اور تعمیراتی پیکجز پر کام جاری ہے جو پشاور شہر کی کل وقتی ترقیاتی حکمت عملی کا حصہ ہے جس سے پشاور کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا اور اس پشاور کی خوبصورتی نکل آئے گی ۔ وزیراعلیٰ نے ایم ڈی پی ڈی اے کو ہدایت کی کہ وہ ایم ڈی سوئی گیس کے ساتھ اجلاس کریں تاکہ حیات آباد میں فوڈ سٹریٹ کیلئے سوئی گیس کی علیحدہ لائن ہو۔

متعلقہ عنوان :