وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے مسلم ورلڈ لیگ کے وفد کی ملاقات

پیر 23 جنوری 2017 22:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل کی قیادت میں وفد نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر سردار محمد یوسف نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سعودی مہمانوں کی میزبانی ہمارے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے’’اعتدال پسندی اور امن بارے مکالمہ‘‘ کے عنوان سے کامیاب کانفرنس کے انعقاد کی بھی تعریف کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کا بڑا مقصد تمام مذاہب کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے تاکہ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر پاکستان اور وزیراعظم محمد نواز شریف تمام مذاہب اور قوموں کے مابین برداشت اور تحمل اور امن کا ماحول پیدا کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور اور مسلم ورلڈ لیگ کا اسلام اور انسانیت کو فروغ دینے کا مشن ایک ہی جیسا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم ورلڈ لیگ کامیابی سے کام کر رہی ہے اور دیگر اسلامی ممالک کو بھی اس مسلم ورلڈ لیگ کے مسلمانوں، انسانیت اور اسلام کی بہتری کے مشن کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے بعدازاں سعودی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں خوشحالی اور ترقی کیلئے مذہبی رواداری اولین شرط ہے۔ انہوں نے مسلم ورلڈ لیگ کی مسلم امہ کی فلاح و بہبود کیلئے کاوشوں کو بھی سراہا۔