وزیراعلی سند ھ کا فٹ پاتھ پرگاڑیاں کھڑی کرنے والے شورومز کے خلاف اپریشن کی ہدایت

پیر 23 جنوری 2017 22:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شو رومز والوں کو فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر سے گاڑیاں ہٹانے کے لئے دی گئی مہلت ختم ہو چکی ہے لہذا اب فوری طور پر ان شورومز کے خلاف جنہوں نے ابھی تک فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر گاڑیاں نہیں ہٹا رہے ہیں کہ خلاف آپریشن شروع کیا جائے اور اس کی روزانہ کی بنیادوں پر رپورٹ پیش کی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے یہ ہدایات آج وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کو دیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مجھے سڑکیں تجاوزات سے پاک چاہیں کیونکہ شہر میں ٹریفک جام کی اہم وجوہات میں سڑکوں پر قائم تجاوزات اور گاڑیاں پارک کرنا بھی ہے۔ انہوں نے ڈی آئی جی ٹریفک کو ہدایت کی کہ وہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر سے گاڑیوں کی پارکنگ کے خاتمے کے لئے سختی سے اقدامات کریں اور شہر بھر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں اور ٹریفک کے رش کے اوقات میں ٹریفک اہلکاروں کی سڑکوں پر موجود گی کو یقینی بنائیں تاکہ شہر میں ٹریفک جام کی شکایات کا ازالہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں آئے دن ٹریفک جام کی شکایات آرہی ہیں لہذا اس مسئلے کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور شہریوں کو ٹریفک جام کی اذیت سے نجات دلائی جاسکے۔