آر ڈبلیو ایم سی آئندہ ماہ کہوٹہ میں صفائی کے انتظامات سنبھالے گی،راجہ حنیف

پیر 23 جنوری 2017 22:43

راولپنڈی۔23جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی مارچ 2017سے کہوٹہ میں صفائی کا انتظام سنبھال لے گی ،جبکہ بحریہ ٹائون انتظامیہ کیساتھ بھی کوڑاکرکٹ اٹھانے اور اسے ٹھکانے لگانے کے حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے،چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی راجہ محمد حنیف نے کہا ہے کہ مختلف علاقوں اور ہائوسنگ سوسائیٹز کی جانب سے ہماری خدمات حاصل کرنے کیلئے رابطہ کرنا ہماری اعلیٰ کاکردگی کا اعتراف ہے،راولپنڈی شہر کی صفائی ستھرائی دیکھ کر لوگ ہماری خدمات حاصل کرنا چاہتے ہیں،جہاں جہاں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی جائیگی وہاں وہاں صفائی ستھرائی ہی نظر آئیگی،ہمارے ورکرز کی دن رات کی محنت اور لگن کے سبب صاف ستھرا پنجاب اورراولپنڈی کا ویژن حقیقت کا روپ دھار رہا ہے،پیر کو میونسپل کمیٹی کہوٹہ کے چئیرمین راجہ ظہور اکبر نے اپنے وائس چیئرمین اور دیگر منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی آفس میں چیئرمین راجہ محمد حنیف سے ملاقات کر کے کہوٹہ میں صفائی کے حوالے سے بات چیت کی ۔

(جاری ہے)

کہوٹہ کے وفد نے صفائی کے حوالے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی اور سکی تحصیلوں میں صفائی کی صورتحال بہترین ہے اور ہم اتنی بہترین صفائی دیکھ کر متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے،اسی وجہ سے ہم چاہتے ہیں کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کہوٹہ میں بھی صفائی کا انتظام سنبھال لے،تاکہ وہاں عرصے سے جاری صفائی کے حوالے شہریوں کی شکایات کا ازالہ کیا جاسکے،ہمیں امید ہے کہ مارچ کے بعد سے کہوٹہ صفائی کے حوالے سے ایک مختلف میونسپل کمیٹی ہو گی ،راجہ محمد حنیف نے وفد کی طرف سے کاوشوں کی سراہنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مارچ سے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کہوٹہ میں صفائی کا انتظام سنبھال لے گی ،جسکے بعد شہریوں کو اس حوالے سے کسی قسم کی شکایات کا موقع نہیں ملے گا،راولپنڈی میں صفائی کیلئے ہمارا قائم کردہ معیار یہاں بھی نافذ کیا جائیگا اور یہاں کے شہری بہت جلد خوشگوار تبدیلی محسوس کرینگے،بعد ازاں بحریہ ٹائون انتظامیہ کی طرف سے انکے نارتھ ریجن کے ہیڈ ریذیڈنس سروسز فیض الدین نے بھی راجہ حنیف سے ملاقات کرکے کوڑے کو ڈمپ کرنے کے حوالے سے سروسز فراہم کرنیکی درخواست کی،انہوں نے کہا کہ ہم اپنی سوسائٹی میں سے اکٹھا ہونیوالا کوڑاکرکٹ ڈمپ کرنے کے حوالے سے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کے خواہاں ہیں،راولپنڈی شہر اور اسکی تحصیلوں میں آر ڈبلیو ایم سی نے صفائی کا اعلیٰ معیار قائم کیا ہے ،جو ہمارے لیئے بھی ایک مثال ہے ،ہم بھی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے یہی توقع رکھتے ہیں کہ صفائی ستھرائی کیلئے ہمارا تعاون تا دیر قائم رہیگا،راجہ محمد حنیف نے انہیں یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی صفائی ستھرائی کے حوالے اپنے قائم کردہ معیار سے پیچھے نہیں ہٹے گی،جہاں بھی ہماری خدمات حاصل کی گئیں وہاں صفائی بہتر ہی ہوئی ہے،بحریہ ٹائون کا ہم پر اعتماد ایک اعزاز ہے ،امید ہے یہ تعاون جاری رہیگا۔