وزیراعلیٰ پنجاب سے سائنس کالج کے مقتول پروفیسر الطاف حسین کی بیوہ کی ملاقات

شہباز شریف کا مقتول کی بیوہ کیلئے آشیانہ میں مفت گھر، 20 لاکھ روپے مالی امداد دینے اور بیٹے کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان

پیر 23 جنوری 2017 22:34

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈ کے مقتول پروفیسر الطاف حسین کی بیوہ نے اپنے کمسن بیٹے کے ہمراہ ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پروفیسر الطاف حسین کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے مقتول پروفیسر الطاف حسین کی بیوہ کیلئے آشیانہ میں مفت گھر دینے اور مقتول کے خاندان کیلئے 20 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت مقتول کے کمسن بیٹے کے تعلیمی اخراجات بھی برداشت کرے گی اور مقتول کے خاندان کو علاج معالجے کی مفت سہولتیں دی جائیں گی۔

انہوں نے مقتول کی بیوہ کو یقین دلایا کہ جنہوں نے آپ پر ظلم کیا ہے، وہ قانون کے مطابق قرارواقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔

(جاری ہے)

آپ کو نہ صرف انصاف ملے گا بلکہ انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔ آپ سے وعدہ ہے کہ آپ کو ہرصورت انصاف دلائوں گا اور انصاف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ پنجاب حکومت آپ کے خاندان کی دیکھ بھال کیلئے ہرممکن تعاون کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ کیس کی تحقیقات جلد مکمل کی جائیں اور مقدمے میں نامزد مفرور ملزم کو بھی جلد گرفتار کیا جائے۔ سی سی پی او نے کیس پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 6 ملزمان میں سے 5 ملزم گرفتار کئے جاچکے ہیں جبکہ مفرور ملزم کو بھی جلد گرفتار کر لیں گے۔ سی سی پی اولاہور اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن بھی اس موقع پر موجود تھے۔