سپریم کورٹ پر مکمل اعتماد ہے، پاپولر لیڈر شپ کو غیر جمہوری طریقے سے علیحدہ کرنے کی کوشش کو عوام کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ

پیر 23 جنوری 2017 22:28

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ انہیں اور ان کی جماعت کو سپریم کورٹ اور سپریم کورٹ کے ججز پر مکمل اعتماد ہے اور ان کا ہر فیصلہ قبول کیا جائے گا ،ْ پاپولر لیڈر شپ کو غیر جمہوری طریقے سے علیحدہ کرنے کی کوشش کو عوام کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے جو معاملہ عدالت میں چل رہا ہے اس پر بات نہیں کی جا سکتی۔

ہمارے عدالتی نظام کو مزید بہتر ہونے کی ضرورت ہے۔ جن طاغوتی طاقتوں کی بات کی تھی ان کی نشاندہی جاوید ہاشمی کر چکے ہیں۔ وہ پیر کو پنجاب اسمبلی میں نقطہ اعتراض پر بات کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ انہوں نے عدالتی نظام کے بارے میں جو بات کی تھی اس کا سپریم کورٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ مجھ سمیت پوری قوم کو سپریم کورٹ پر اعتماد ہے جہاں سے پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے فیصلہ ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ جن طاغوتی قوتوں کی بات کر رہے تھے یہ وہ طاقتیں ہیں جو ملکی ترقی کو روکنے کیلئے دھرنا دیتی ہیں اور جس کا اظہار جاوید ہاشمی بھی کر چکے ہیں اور انہوں نے باقاعدہ ان طاقتوں کا نام بھی لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر جاوید ہاشمی نے غلط بات کی ہے تو اس کو عدالت میں بلائیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جن کی منفی سیاست کو 2 نومبر کو عوام نے مسترد کر دیا تھا وہ اب خواب دیکھ رہے ہیں جو کبھی پورا نہیں ہو گا بلکہ یہ لوگ سپریم کورٹ سے روتے ہوئے باہر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے متعدد بار دوران سماعت یہ کہا کہ سپریم کورٹ سے تابوت نکلے گا لیکن ہم کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ سے صحیح فیصلہ آئے گا۔