آئندہ ماہ کراچی میں ہونیوالی کثیر القومی اعلیٰ سطحی مشقوں امن 17 کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو امن 17 کے شرکاء کا روٹ میپ فراہم کردیا گیا

تمام شہری محکمے اپنی حدود سے قطعہ نظر مکمل ذمہ داری کے ساتھ ضروری اقدامات کرلیں، میئر کراچی وسیم اختر کا اجلاس سے خطاب

پیر 23 جنوری 2017 22:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ کراچی میں ہونے والی کثیر القومی اعلیٰ سطحی مشقوں امن 17 کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو امن 17 کے شرکاء کا روٹ میپ فراہم کردیا گیا ہے لہٰذا تمام شہری محکمے اپنی حدود سے قطعہ نظر مکمل ذمہ داری کے ساتھ ضروری اقدامات کرلیں اور اگر اس حوالے سے کوئی بھی ابہام ہو تو وضاحت کے لئے اسے فوری طور پر میئر کراچی کے علم میں لایا جائے یہ بات انہوں نے کراچی میں کثیر القومی اعلیٰ سطحی مشقوں امن 17 کے انتظامات کے سلسلے میں فالو اپ اقدامات سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر چیئرمین ڈسٹرکٹ سینٹرل ریحان ہاشمی، منیجنگ ڈائریکٹر ادارہ فراہمی و نکاسی آب مصباح الدین فرید، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز شہاب انور، ڈائریکٹر جنرل پارکس آفاق مرزا، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز محمد سمیع خان، سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ نذیر لاکھانی، ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ویسٹ غلام فرید، میونسپل کمشنر ڈی ایم سی سائوتھ آفاق سعید اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ بحری مشقوں میں 71 ممالک سے شرکاء حصہ لیں گے لہٰذا کراچی کے تمام اداروں کو ہرممکن کوشش کرنی چاہئے کہ وہ یہاں سے اچھا تاثر لے کر جائیں ، اجلاس کے دوران خاص طور پر ضلع شرقی ، کورنگی اور ضلع جنوبی سمیت دیگر اضلاع کی انتظامیہ پر مناسب انتظام کرنے کے لئے زور دیا گیا جبکہ میئر کراچی خود بھی پورے روٹ کا دورہ کرکے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیں گے ، اجلاس کے دوران جن انتظامات کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ان میں تمام تر روٹ ایریا کو خوبصورت اور دلکش بنانا اور اطراف سے ہر قسم کے بینرز، پوسٹرز اور دیگر چیزوں کو ہٹانا شامل ہے خاص طور پر کراچی ایئرپورٹ ، شارع فیصل کے دونوں جانب، کارساز، پی اے ایف میوزیم، میری ٹائم میوزیم،میرٹ ہوٹل، عبداللہ شاہ غازی روڈ، ڈولمین مال، ہائپر اسٹور، بلاول چورنگی، دو تلوار، تین تلوار اور میٹروپول چوراہا، پی آئی ڈی سی، امریکی قونصلیٹ، مائی کولاچی بائی پاس، ریلوے کراسنگ، بوٹ بیسن، نیٹی جیٹی اور آئی سی آئی برج، ڈاکیارڈ روڈ، ایم ٹی خان روڈ، مزار قائد سمیت دیگر علاقوں میں صفائی ستھرائی اور کچرے اور ہر قسم کی تجاوزات بشمول پتھارے، پنکچر شاپس وغیرہ کا خاتمہ اور پانی و سیوریج کے رسائو کو دور کرنے سمیت پورے روٹ ایریا میں ہر قسم کے گڑھوں کی بھرائی اور ضروری پیچ ورک کے علاوہ پورے راستے خاص طور پر شارع فیصل پر درختوں کی چھٹائی اور یہاں سے منشیات کے عادی افراد اور گداگروں کا خاتمہ جس کے لئے کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنرز سے مدد لی جائے گی ، راستے میں تمام فٹ پاتھوں اور کھمبوں کے اردگرد پان ،گٹکا اور دیگر نشانات کی صفائی ، کرب اسٹون کی تنصیب، بجلی اور دیگر پولز ، دیواروں اور درختوں سے لٹکتے ہوئے بے ہنگم تاروں کو ہٹانا اور شارع فیصل پر پل کے جاری کام کو روکنے سمیت میئر کراچی نے ہدایت کی کہ تعمیراتی جگہوں کو مکمل طور پر سبز جال سے ڈھکا جائے، میئر کراچی نے یہ ہدایت بھی کی کہ میرٹ ہوٹل ، فریئر ہال کے سروس روڈ پر جاری ترقیاتی کام کو بھی تیزی کے ساتھ مکمل کیا جائے جبکہ ایف ٹی سی اور کارساز کے قریب نالوں کی صفائی اور انہیں ڈھکنے کے لئے بھی انتظامات کئے جائیں، اجلاس کے دوران اسد اللہ خان کو منیجنگ ڈائریکٹر واٹر بورڈ کی طرف سے فوکل پرسن نامزد کیا گیا جو اس ایونٹ کے لئے تمام شہری اداروں سے باقاعدہ رابطہ رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :