شہریوں کو آزادی رائے کے ساتھ ساتھ آزادی معلومات کا حق بھی ہونا چاہئے، میئر کراچی

ہر شہری کو عوامی اہمیت کے تمام معاملات تک ضابطے اور قانون کی نافذ کردہ معقول حد بندیوں کے اندر رہتے ہوئے رسائی کا حق حاصل ہوتا ہے ، وسیم اختر

پیر 23 جنوری 2017 22:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہریوں کو آزادی رائے کے ساتھ ساتھ آزادی معلومات کا حق بھی ہونا چاہئے جس کی ہمیں آئین پاکستان اجازت دیتا ہے ہر شہری کو عوامی اہمیت کے تمام معاملات تک ضابطے اور قانون کی نافذ کردہ معقول حد بندیوں کے اندر رہتے ہوئے رسائی کا حق حاصل ہوتا ہے یہ بات انہوں نے سماجی تنظیم شہری اوپن سوسائٹی انسٹیٹیوٹ اور سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ کے اشتراک سے منعقدہ ورکشاپس کے کامیاب شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر فنانشل ایڈوائزر خالد محمود شیخ، ڈائریکٹر سم محمد شاہد، کنسلٹنٹ سم سید نصرت علی اور دیگر افسران بھی موجود تھے ، میئر کراچی نے کہا کہ جس طرح آئین پاکستان کی بہت سی شقوں پر عمل نہیں ہوتا اسی طرح افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ آئین و پاکستان کی 19-A جس کے تحت شہریوں کو آزادی معلومات کا حق حاصل ہے اس پر بھی عمل نہیں ہوتا انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کے دیہی علاقوں کے لوگ آج تک اپنے حقوق سے نہ صرف لاعلم ہیں بلکہ انہیں بنیادی حقوق اور ضروریات سے بھی محروم رکھا گیا ہے انہوں نے کہا کہ اگر آئین پاکستان پر عملدرآمد کیا جائے تو نہ صرف تمام صوبوں اور شہروں کو حقوق حاصل ہوں گے بلکہ شہریوں کو بھی اظہار رائے اور تبادلہ معلومات کی آزادی کے ساتھ ساتھ دیگر فوائد بھی حاصل ہوں گے اور پاکستان ترقی کرے گا اور معاشرتی اقدار کو فروغ حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معلومات تک رسائی کا حق نہ صرف ہر شہر ی کا بنیادی حق ہے بلکہ یہ ایک مہذب اور جمہوری معاشرے کی بقا کا اہم وسیلہ بھی ہے اس کی وجہ سے شہری اصل حقائق سے آگاہ ہوتے ہیں اور یوں وہ اپنے منتخب نمائندوں اور حکومت کی کارکردگی کی جانچ اور نگرانی بھی کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ اچھی حکمرانی ، جوابدہی اور شفافیت کے عمل کو تقویت دینے کے لئے معلومات کا حق بہت اہمیت رکھتا ہے،میئر کراچی نے ورکشاپ میں مختلف اضلاع کے منتخب نمائندوں سے کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد آپ کو یہ بتانا تھا کہ وہ کون سے محکمے ہیں جن کے بارے میں آپ معلومات حاصل کرسکتے ہیں اور کن طریقوں کو اختیار کرسکتے ہیں اور اگر محکمہ یا محکمے کا سربراہ آپ کو مطلوبہ معلومات فراہم نہیں کرتا تو آپ اس سلسلے میں اور کون سے راستے اختیار کرسکتے ہیں جن سے آپ کو مطلوبہ معلومات حاصل ہوسکیں۔

سماجی تنظیم شہری کی نمائندہ صائمہ عدیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس آئین کی شق میں تبدیلی لائی جا رہی ہے اور شہریوں کو مزید معلومات تک رسائی کا قانونی حق دیا جا رہا ہے اور منتخب نمائندے اس سے فائدہ اٹھائیں تو وہ شہریو کو بہتر طور پر خدمات فراہم کرسکتے ہیں۔ سٹی انسٹی ٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ کے کنسلٹنٹ سید نصرت علی نے بتایا کہ سم کے تحت اب تک 7 ہزار افراد کو تربیت دی جاچکی ہے اور یہ سلسلہ بدستور کامیابی سے جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :