میٹرو بس، سرکلر ریلوے جیسے بڑے ترقیانی منصوبوں کا تحفہ دینے پر 28فروری ہفتہ کونارتھ کراچی سے لسبیلہ تک شکریہ نواز شریف ریلی نکالی جائیگی ، سینیٹر نہال ہاشمی

ریلی میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے ساتھ ساتھ کراچی کے عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی، مسلم لیگ ہائوس کارساز میں پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 23 جنوری 2017 22:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء) مسلم لیگ ن سندھ کے سیکریٹری جنرل سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے کراچی کے عوام کے لئے میٹرو بس، سرکلر ریلوے جیسے بڑے ترقیانی منصوبوں کا تحفہ دینے پر 28فروری ہفتہ کونارتھ کراچی سے لسبیلہ تک شکریہ نواز شریف ریلی نکالی جارہی ہے جس میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے ساتھ ساتھ کراچی کے عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیرکو مسلم لیگ ہائوس کارساز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ مسلم لیگ ن سندھ کے ترجمان اسد عثمانی، اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سنیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ کراچی کا دیرینہ مسئلہ امن و امان کا قیام تھا جو کہ وزیر اعظم کی کوششوں سے بہت خوش اسلوبی کے ساتھ حل ہوگیا ہے، اب دوسرا کراچی کا اہم بڑا مسئلہ ٹرانسپورٹ کا ہے جس کے لئے وزیر اعظم نے کراچی کے لئے میٹرو بس،اور سرکلر ریلوے کا تحفہ یہاں کے عوام کو دیا ہے، کراچی کے عوام کو چاہئیے کہ اتنے بڑے ترقیاتی منصوبے دینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں 28جنوری کی ریلی میں شرکت کریں یہ ریلی نارتھ کراچی سے لسبیلہ تک نکالی جائے گی،انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے کراچی کے شہریوں کے لئے اعلان کردہ ترقیاتی منصوبوں پر تیزی کے ساتھ کام جاری ہے،اور کوشش ہے کہ ان منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کرلیا جائے،میٹرو بس سرجانی ٹائون براستہ نارتھ کراچی، ناظم آباد، گولیمار، نمائش سے ٹاور تک چلے گی،اس کے علاوہ پینے کے صاف پانی کا منصوبہ کے فور پر بھی وفاقی حکومت سندھ حکومت کی مدد کر رہی ہے۔