سرکاری ہیلی کاپٹر میں سفر،چوہدری نثار کے خلاف تحریک التواء

وزیر داخلہ نے اپنے حلقے کے دورے کے لیے انتہائی بے دردی سے سرکاری وسائل استعمال کیے ،ْ غلام سرور خان

پیر 23 جنوری 2017 22:27

سرکاری ہیلی کاپٹر میں سفر،چوہدری نثار کے خلاف تحریک التواء
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سرکاری وسائل استعمال کرنے پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کروا دی۔تحریک التواء پی ٹی آئی رکن اسمبلی غلام سرور خان کی جانب سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی۔غلام سرور خان نے تحریک التواء کی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ وزیر داخلہ نے اپنے حلقے کے دورے کے لیے انتہائی بے دردی سے سرکاری وسائل استعمال کیے۔

(جاری ہے)

کہا گیا کہ وزیر داخلہ نے 21 جنوری 2017 کو ایک عوامی جلسے سے خطاب کیلئے سرکاری ہیلی کاپٹر میں اپنے حلقے کا سفر کیا، جس سے سرکاری وسائل کا غلط استعمال ظاہر ہوتا ہے کیونکہ پاکستان کے قوانین کے مطابق کوئی بھی عوامی نمائندہ اپنے ذاتی مفاد کے لیے سرکاری وسائل استعمال نہیں کرسکتا۔غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت سنجیدہ معاملہ ہے، لہذا ایوان اسمبلی قوانین کے قاعدہ نمبر 110 کے تحت معمول کی کارروائی معطل کرے اور اس معاملے کو فوری طور پر ایوان میں زیر بحث لایا جائے۔