ای سی سی نے رواں مالی سال 2016-17ء کیلئے کھاد پر سبسڈی جاری رکھنے کی منظوری دیدی

28اپریل 2017 تک بغیر کسی سبسڈی کے 3 لاکھ ٹن یوریا کھاد برآمد کرنے کی بھی اجازت

پیر 23 جنوری 2017 22:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں رواں مالی سال 2016-17ء کیلئے کھاد پر سبسڈی جاری رکھنے کی منظوری دیدی۔ ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت پیر کو یہاں پرائم منسٹر آفس میں ہوا۔ اجلاس میں کابینہ کمیٹی نے رواں مالی سال کے دوران فرٹیلائزر سبسڈی سکیم جاری رکھنے کی منظوری دی، اس سلسلے میں پہلے سے طے شدہ شرائط و ضوابط برقرار رہیں گی۔

حکومت کاشتکاروں اور زرعی شعبہ کی معاونت کے لئے 200 روپے فی بوری سبسڈی دے رہی ہے۔ ای سی سی نے 28اپریل 2017 تک بغیر کسی سبسڈی کے 3 لاکھ ٹن یوریا کھاد برآمد کرنے کی بھی اجازت دی ہے۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان چینی کی برآمد کے طریقہ کار کی طرز پر برآمدی یوریا کی مقدار کی بھی مانیٹرنگ کرے گا جبکہ فرٹیلائزر ریویو کمیٹی ملک میں ماہانہ بنیادوں پر یوریا کی قیمتوں کو مانیٹر کرے گی۔

(جاری ہے)

مقامی سطح پر یوریا کی ریٹیل پرائس میں غیر معمولی اضافے کی صورت میں جائزہ کمیٹی ای سی سی کو کھاد کی مزید برآمد روک دینے کی سفارش کرے گی۔ یوریا کی برآمد کی اجازت ملک میں تقریبا 10 لاکھ میٹرک ٹن اضافی کھاد کی دستیابی کے پیش نظر دی گئی ہے۔ ای سی سی نے 2008-9 میں گندم کی سپلائی کی مد میں پاسکو واجبات کی ادائیگی کی اصولی منظوری دی۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر وقار مسعود خان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین نثار محمد کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔