حکمرانوں کے جھوٹ مزید بے نقاب ہو رہے ہیں ،ڈس انفارمیشن کی مہم جاری ہے ‘عبدالعلیم خان

عبدالعلیم خان کی آرگنائزنگ کمیٹی کو شاباش ،دیگر اضلاع میں بھی جلسے کریں گے‘قصور کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ سے گفتگو

پیر 23 جنوری 2017 22:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جنوری2017ء)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ قصور کے کامیاب ترین جلسے پر پی ٹی آئی کا ہر کارکن مبارکباد کا مستحق ہے اور حکمران جماعت کبھی بھی ایسے جلسے کرنے کاتصور بھی نہیں کر سکتی ،جلسہ عوام کے عمران خان پر بھر پور اعتماد کا اظہار ہے اور قصور کے لوگوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ بھی تخت لاہور سے باغی ہو چکے ہیں ۔

عبدالعلیم خان نے قصور کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ ندیم ہارون سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی ساری ٹیم کو شاباش دی ۔انہوں نے کہا کہ قصور کی طرح دیگر اضلاع میں بھی ایسے ہی جلسے منعقد ہوں گے اور حکومت کے -خلاف احتجاجی تحریک کو برقرار رکھا جائے گا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ انتظامیہ کے عدم تعاون کے باوجود قصور میں عوام کے ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر نے عمران خان کا والہانہ استقبال کر کے ثابت کر دیا ہے کہ اب اس حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں اور عوام ایسے کر پٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کر کے رہیں گے ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے دانیال عزیز اور وزراء کی گفتگو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جس قدرجھوٹ پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے اس قدر حکمرانوں کے جھوٹ مزید بے نقاب ہو رہے ہیں حکومتی ڈس انفارمیشن سیل میں وزیر بننے کے اُمیدوار روزانہ اپنا حصہ ڈالتے ہیں لیکن انہیں کچھ حاصل نہیں ہو گا ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز لیگ کو بی بی سی کے بعد اب جرمنی میں سامنے آنے والے انکشافات پر بھی سچ تسلیم کر لینا چاہیے اور چور مچائے شور کی پالیسی نہیں اپنانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو کر رہے گا اور کرپٹ حکمرانوں کو عوام کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی واپس لانا ہو گی ۔