Live Updates

پاکستان اورامریکہ کے درمیان بہترین تعلقات ہیں تا ہم تجارتی اورمعاشی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،ہمیں ایڈ نہیں بلکہ ٹریڈ چاہیے،تجارت کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا ہے تا کہ روزگار کے مزید مواقع پیدا ہو سکیں،پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے ہزاروں کم وسیلہ اور ذہین طلباء و طالبات تعلیم حاصل کر کے ڈاکٹر اور انجینئر بن چکے ہیں،کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے 100 ارب روپے کے پیکیج پر عملدرآمد ہو رہا ہے ،کاشتکاروں کو کھاد پر سبسڈی دی گئی ہے

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی یو ایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹرجان گرویک سے ملاقات میں گفتگو پنجاب حکومت کے ساتھ مستقبل میں مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے، مشن ڈائریکٹرجان گرویک

پیر 23 جنوری 2017 22:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پیر کو یہاں یو ایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹرجان گرویک نے ملاقات کی جس میںباہمی دلچسپی کے امور، توانائی ، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا- وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورامریکہ کے درمیان بہترین تعلقات موجود ہیں تا ہم دونوں ممالک کو تجارتی اورمعاشی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔

انہوںنے کہا کہ ہمیں ایڈ نہیں بلکہ ٹریڈ چاہیے اور ہمیں باہمی تجارت کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا ہے اور نجی شعبہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنا ہے تا کہ روزگار کے مزید مواقع پیدا ہو سکیں - وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت کی کاوشوں سے لوڈ شیڈنگ میں خاطر خواہ کمی آئی ہے - پنجاب میں 3600 میگا واٹ کے گیس پاورپراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے اور رواں برس کے اختتام تک توانائی کے کئی منصوبوں کی تکمیل سے اندھیرے چھٹ جائیں گے اورتوانائی منصوبے مکمل ہونے سے پاکستان بجلی کی پیداوارمیں خود کفیل ہو گا - انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم، صحت اور زراعت کے شعبوں کی بہتری کیلئے انقلابی پروگرام پر عمل پیرا ہے - کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے 100 ارب روپے کے پیکیج پر عملدرآمد ہو رہا ہے اورکاشتکاروں کو کھاد پر سبسڈی دی گئی ہے -انہوںنے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اصلاحات کے ذریعے بہتری لائی جا رہی ہے - خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں - تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین کی داد رسی اورانہیں انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ایک ہی چھت تلے سہولتوں کی فراہمی کی غرض سے ملتان میں خصوصی سنٹر بنایا جا رہا ہی-پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے ہزاروں کم وسیلہ اور ذہین طلباء و طالبات تعلیم حاصل کر کے ڈاکٹر اور انجینئر بن چکے ہیں -انہوںنے کہا کہ جدید ترین میٹرو بس سسٹم لاہور کے ساتھ روالپنڈی اسلام آباد میں کامیابی سے چل رہا ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے ضلع ملتان میں بھی میٹرو بس منصوبہ مکمل ہو چکا ہی-انہوں نے کہا کہ میٹروبس سسٹم جدید آمد و رفت کے ساتھ قابل اعتماد ٹرانسپورٹ کا نظام ہے -انہوں نے کہا کہ توانائی اور زراعت کے شعبوں میں امریکی ادارے کا تعاون لائق تحسین ہے - مشن ڈائریکٹر یو ایس ایڈپاکستان جان گرویک نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مستقبل میں مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گی-زرعی شعبہ میں پیداوار بڑھانے کے حوالے سے پنجاب حکومت کی کاوشوں سے بہت متاثر ہو ا ہوں-پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی سے کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا اور روزگار بڑھے گا - امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو (Mr. Yuriy Fedkiw) بھی ملاقات میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،مشیر ڈاکٹر عمر سیف،چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات،پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات