Live Updates

بی بی سی کی جس رپورٹ پر بڑا ہنگامہ کیا گیا ہمارے موقف کی تائید کرتی ہے،مصدق ملک

جرمن جریدے کی دستاویزات جاری تصدیق شدہ نہیں ہیں، تحریک انصاف ابھی تک کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی ہے،ترجمان وزیراعظم ہائوس تحریک انصاف نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں منی ٹریل الیکشن کمیشن کو نہیں دی ،عمران خان کی تلاشی کا وقت آگیاہے وہ احتساب سے بچ نہیں سکیں گے،دانیال عزیز

پیر 23 جنوری 2017 22:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2017ء) ترجمان وزیراعظم ہائوس مصدق ملک نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں بی بی سی رپورٹ پر بڑا ہنگامہ کیا گیا‘ بی بی سی رپورٹ ہمارے موقف کی تائید کرتی ہے۔ جرمن جریدے نے جو دستاویزات جاری کی ہیں وہ تصدیق شدہ نہیں ہیں۔ پیر کو عدالت میں جو کاغذات پیش کئے گئے وہ پہلے سے سپریم کورٹ میں موجود ہیں‘ تحریک انصاف ابھی تک کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔

عدالت تحریک انصاف سے ثبوت مانگ رہی ہے تاکہ وزیراعظم سے پوچھ گچھ کر سکے۔ پیر کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان وزیراعظم مصدق ملک نے کہا کہ پانامہ لیکس میں پیر کے روز سپریم کورت میں تحریک انصاف نے جو کاغذات پیش کئے وہ پہلے سے سپریم کورٹ میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

عدالت نے تحریک انصاف کو کہاکہ مفروضے اور اخباری ترا شے نہیں چلیں گے ثبوت لائیں تاکہ وزیراعظم سے پوچھ گچھ کی جاسکے‘ عدالت میں جو کاغذات پیش کئے گئے وہ تصدیق شدہ نہیں اور ان پر مریم نواز کے دستخط بھی نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ جرمن جریدے کی رپورٹ کو اچھالا جارہا ہے ‘ جرمن جریدے نے جو دستاویزات جاری کی ہیں وہ تصدیق شدہ نہیں ہیں۔ تحریک انصاف تین ہفتوں سے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی ہے۔ نیلسن اور نیسکول کی ملکیت 2006 ء میں تبدیل کی گئی۔ اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے راہنماء دانیال عزیز نے کہا کہ تحریک انصاف نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں منی ٹریل الیکشن کمیشن کو نہیں دی ہے‘ جو جماعت غیر ملکی فنڈنگ لیتی ہے وہ تحلیل ہوجاتی ہے۔

عمران خان کی تلاشی کا وقت آگیاہے وہ احتساب سے بچ نہیں سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان غلیظ زبان استعمال کرتے ہیں۔ نوبت یہاں تک آگئی ہے کہ عدالت نے بھی کہا کہ عمران خان غلیظ زبان استعمال کرتے ہیں ۔عمران خان مسلسل جھوٹ بولتے ہیں اور اداروں پر لعن طعن کرتے ہیں‘ عمران خان نے الیکشن کمیشن پر نامناسب الزام تراشی کی اور بعد میں معافی مانگنی عمران خان نے توہین عدالت سے بچنے کیلئے معافی مانگی اور بعد میں کہتے ہیں کہ ان کے وکیل نے معافی مانگی ہے ان کا اس معافی سے تعلق نہیں۔

دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان کو الیکشن کمیشن سے استثنیٰ نہیں ملا اور وہ اب ہائیکورٹ سے اسٹے لینے کی کوشش کررہے ہیں۔ عمران خان نے اسٹے کے پیچھے چھپنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہاکہ 2012 ء میں پہلی بار دو سیاسی کزنز کی جوڑی پاکستان آئی‘ پیپلزپارٹی کے دور میں عمران خان نے نعرہ دیایا کہ زرداری ہٹائو ملک بچائو ‘ عمران خان قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کرتے ہیں ان کے پرانے حربے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی آئی جے ایک ادارے کا پراجیکٹ ہے جرمن جریدے کی رپورٹ کوئی نہیں جرمن جریدے نے پرانی خبر کو نئی بنا کر پیش کیا ہے۔ (عابد شاہ)
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات