بلاول بھٹو زرداری کے وسطی پنجاب کے کامیاب دورے کو دیکھ کر سعد رفیق کو سرد موسم میں بھی پسینہ آرہا ہے، کراچی آپریشن کو اپنا کارنامہ بیان کرنے والوں نے پنجاب میں آپریشن کروانے سے انکار کیا، دہشتگرد تنظیموں نے 2013 کے انتخابات میں نواز اینڈ کمپنی کیلئے افرادی قوت فراہم کی تھی

پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شوکت محمود بسرا کا سعد رفیق کے بیان پر ردعمل کااظہار

پیر 23 جنوری 2017 21:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جنوری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سیکریٹری اطلاعات اور سابق صوبائی وزیر شوکت محمود بسرا نے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وسطی پنجاب کے کامیاب دورے کو دیکھ کر سعد رفیق کو سرد موسم میں بھی پسینہ آرہا ہے، کراچی آپریشن کو اپنا کارنامہ بیان کرنے والوں نے پنجاب میں ایسے ہی آپریشن کروانے سے انکار کیا کیونکہ دہشتگرد تنظیموں نے 2013 کے انتخابات میں نواز اینڈ کمپنی کے لئے افرادی قوت فراہم کی تھی۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں شوکت محمود بسرا نے کہا کہ ریلوے کے جتنے حادثے سعد رفیق کے زمانے میں ہوئے ہیں اتنے کبھی نہیں ہوئے جو ان کی نااہلی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ شریف خاندان کا کردار کھل کر سامنے آگیا ہے اور مسلم لیگ اب پاناما لیگ بن گئی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ہر ادارے کو بدحال کرکے اونے پونے دام پر اپنے فرنٹ مینوں کو فروخت کرنا شریف خاندان کی روایت ہے۔ اسٹیل ملز، پی آئی اے اور ریلویز کو جان بوجھ کر خسارے کا شکار کیاجا رہا ہے تاکہ شریف خاندان کے بیرون ملک اثاثوں میں اضافہ ہو۔(رڈ)