دنیا کے قدیم ترین شہر ملتان میں جدیدترین میٹروبس منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچ گیا،ساڑھے 18کلومیٹرطویل ملتان میٹروبس منصوبہ 28ارب 88کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوا، ملکی وغیرملکی ماہرین نے اس منصوبہ کو لاہوراور اسلام آباد سے بہتر اور خوبصورت منصوبہ قراردیا ،میٹرو روٹ پر 21میٹروبس اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔پرہر700میٹرکے بعد میٹروبس اسٹیشن ،ہرپانچ منٹ بعد میٹروبس دستیاب ہوگی،۔میٹرو بس روٹ پر 35بسیں چلائی جائیں گی، 95ہزار افراد روزانہ اس پر سفر کریں گے،ملحقہ روٹس پر فیڈربسیں چلائی جائیں گی،منصوبے کی کم ازکم عمر50سال قرار،منصوبے سے 50ہزارافراد کو روزگار ملا، منصوبے سے ملتان میں ٹرانسپورٹ کلچر تبدیل ہوگا

ملتان میٹروبس منصوبے کی مکمل تفصیلات سامنے آگئیں

پیر 23 جنوری 2017 21:47

دنیا کے قدیم ترین شہر ملتان میں جدیدترین میٹروبس منصوبہ پایہ تکمیل ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جنوری2017ء) دنیا کے قدیم ترین شہر ملتان میں جدیدترین میٹروبس منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچ گیا۔ملتان میٹروبس منصوبے کی مکمل تفصیلات سامنے آگئیں۔ساڑھے 18کلومیٹرطویل ملتان میٹروبس منصوبہ 28ارب 88کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوا۔ملکی وغیرملکی ماہرین نے اس منصوبہ کو لاہوراور اسلام آباد سے بہتر اور خوبصورت منصوبہ قراردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملتان میٹروبس روٹ کا نصف سے زیادہ حصہ فلائی اوورز پر مشتمل ہے جبکہ ایک انڈرپاس بھی بنایا گیا ہے ۔بہاوالدین زکریا یونیورسٹی تا چوک قذافی میٹروبس روٹ پر 21میٹروبس اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔میٹروروٹ پرہر700میٹرکے بعد میٹروبس اسٹیشن بنایا گیاہے۔ہر پانچ منٹ بعد بس میٹرواسٹیشن پر دستیاب ہوگی۔

(جاری ہے)

میٹروبس کے روٹ پربہاوالدین زکریا یونیورسٹی،گورنمنٹ ایمرسن کالج سمیت ملتان کے 25بڑے تعلیمی ادارے بھی موجودہیں جن کے ہزاروں طلباء اس سستی سفری سہولت سے مستفید ہوں گے ۔

میٹرو بس روٹ پر 35بسیں چلائی جائیں گی اور تقریباً 95ہزار افراد روزانہ اس پر سفر کریں گے۔میٹروبس روٹ کے علاوہ دیگرروٹس پر شہریوں کی سہولت کیلئے فیڈر بسیں چلائی جائیں گی۔میٹرو بس منصوبے کے انجینئرز نے منصوبے کی کم ازکم عمر 50سال قرار دی ہے ۔چیف انجینئرکے مطابق اگر اس کی بروقت دیکھ بھال کا عمل جاری رکھا گیا تو یہ منصوبہ100سال تک قابل استعمال رہے گا ۔

دوسری طرف منصوبے کے لئے برقی زینے، لفٹ، جنریٹرز، ایکس پنشن جوائٹنس اورلانچنگ پیڈزیورپ سے منگوائے گئے ہیں۔میٹروبس روٹ پرخوبصورتی کیلئے رنگ برنگے فوارے بھی لگائے گئے ہیں جبکہ پی ایچ اے کی طرف سے بھی میٹروبس روٹ اور اس کے اطراف کھجوروں کے درخت اور پھولوں کی کیاریاں لگائی ہیں جس سے قدیم شہرملتان کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

چیف انجینئر ملتان میٹرو بس پراجیکٹ صابرسدوزئی کے مطابق منصوبے کی تعمیر کے دوران اس منصوبے پر 50ہزار سے زائد انجینئرز، ہنرمندوں اور مزدروں کو براہ راست روزگار ملا جبکہ بالواسطہ روزگار حاصل کرنے والے اس کے علاوہ ہیں جبکہ منصوبوں کو فنکشنل کرنے والی کمپنیوں نی2600افراد کو بھرتی کیا ہے اور اس طرح یہ منصوبہ 2600 خاندانوں کے روزگار کا وسیلہ بنا ہے۔دوسری طرف ملتان وجنوبی پنجاب کی سیاسی وسماجی شخصیات نے ملتان میٹروبس منصوبے کو خوش آئند قراردیا ہے ۔سیاسی وسماجی رہنمائوں کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے ملتان میں ٹرانسپورٹ کلچر تبدیل ہوگا اور اس تاریخی شہر کو میٹرو بس منصوبے کی وجہ سے پوری دنیا میں ایک نئی پہچان ملے گی۔