بلاول زرداری بھٹو کیسے بن گئے،کرپشن کے سردارکرپشن کیخلاف کس منہ سے الزامات لگاتے ہیں،سعد رفیق

پاکستان میں اقتدار کانٹوں کی سیج ہے پھولوں کی مالا نہیں، پاکستان کنگال کر کے ہمارے حوالے کیا گیا مگر آج ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں،وفاقی وزیر ریلوے کا گوجرانولہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب

پیر 23 جنوری 2017 21:08

بلاول زرداری بھٹو کیسے بن گئے،کرپشن کے سردارکرپشن کیخلاف کس منہ سے ..
گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2017ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بلاول زرداری بھٹو کیسے بن گئے،کرپشن کے سردارکرپشن کیخلاف کس منہ سے الزامات لگاتے ہیں،پاکستان میں اقتدار کانٹوں کی سیج ہے پھولوں کی مالا نہیں، پاکستان کنگال کر کے ہمارے حوالے کیا گیا مگر آج ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے گوجرانولہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2013 میں 14، 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی۔ کراچی میں ایک دن میں 200 لوگ قتل کر دیئے جاتے تھے اور خیبرپختونخوا میں طالبان نے اندھیرنگری مچا رکھی تھی جبکہ بلوچستان میں آگ اور سندھ میں ڈا کوراج تھا ان حالات میں میرے اور اپکے قائد نواز شریف نے اس ملک کو سنبھالا اور پھر سے ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ نندی پور کی مشینری پیپلز پارٹی دور میں سڑتی رہی ان کے دور اقتدار میں لوٹو اور پھوٹو کی پالیسی تھی۔پیپلز پارٹی کے دور میں کرپشن کے ریکارڈ قائم ہوئے، ہمیں تو اس بات کی سمجھ نہیں آتی کہ ایک زرداری بھٹو کیسے بن سکتا ہے۔ پاکستان کنگال کر کے ہمارے حوالے کیا گیا۔ سعد رفیق نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا عمران آوازیں لگاتا رہا ہم جج بحال کر کے واپس چلے گئے۔

ہم نے کہا ڈنڈے سوٹے لیکر حکومت نہیں گرائیں گے۔ وہ عدلیہ بحالی کے دوران کہتا تھا زرداری حکومت لانگ مارچ کے ذریعے گراؤ۔ ایک پاگل اسلام آباد میں ہر بار چھپ جاتا ہے۔ نواز شریف طاقتور کے سامنے سر نہیں جھکاتا اسلیے اچھا نہیں لگتا۔ مسلم لیگ عزت والوں کی جماعت ہے، سیاسی ا?وارہ گردوں کا مجمع نہیں ہم تو حساب دینے کیلئے تیار ہیں تیرا کیا بنے گا کالیا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا جنوبی ایشیا میں نواز شریف جتنا تجربہ کسی کے پاس نہیں۔ ملک چلانے کے لیے جرات اور دانش چاہیے کیونکہ پاکستان میں اقتدار کانٹوں کی سیج ہے پھولوں کی مالا نہیں۔ آج کراچی کی روشنیاں لوٹ رہی ہیں۔ زرداری حکومت کو آپریشن ایک آنکھ نہیں بھایا تھا ہم نے وقت ضائع نہیں کام کیا۔ سعد رفیق نے کہا آج بلوچستان میں دہشت گرد چھپتے پھرتے ہیں جبکہ اس سے پہلے بلوچستان میں پاکستان کا پرچم لہرانا مشکل ہو گیا تھا۔

نوازشریف نے کراچی کو پھر روشنیوں کا شہر بنایا اور ملک کا امن لو ٹ رہا ہے،خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کنگال کر کے ہمارے حوالے کیا گیا۔ پاکستان میں اقتدار کانٹوں کی سیج ہے پھولوں کی مالا نہیں۔ آج کراچی کی روشنیاں لوٹ رہی ہیں۔۔۔۔ارسلان