وزیراعلیٰ پنجاب سے گورنمنٹ سائنس کالج کے مقتول پروفیسر الطاف حسین کے اہلخانہ کی ملاقات

وزیراعلیٰ کا مقتول کی بیوہ کیلئے آشیانہ میں مفت گھراور 20 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان حکومت مقتول کے کمسن بیٹے کے تعلیمی اخراجات برداشت کرے گی ،خاندان کو علاج معالجے کی مفت سہولتیں دی جائینگی،ملزمان قرارواقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے،انصاف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا،شہبازشریف

پیر 23 جنوری 2017 20:41

وزیراعلیٰ پنجاب سے گورنمنٹ سائنس کالج کے مقتول پروفیسر الطاف حسین ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈ کے مقتول پروفیسر الطاف حسین کی بیوہ نے اپنے کمسن بیٹے کے ہمراہ ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پروفیسر الطاف حسین کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے مقتول پروفیسر الطاف حسین کی بیوہ کیلئے آشیانہ میں مفت گھر دینے اور مقتول کے خاندان کیلئے 20 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت مقتول کے کمسن بیٹے کے تعلیمی اخراجات بھی برداشت کرے گی اور مقتول کے خاندان کو علاج معالجے کی مفت سہولتیں دی جائیں گی۔

انہوں نے مقتول کی بیوہ کو یقین دلایا کہ جنہوں نے آپ پر ظلم کیا ہے، وہ قانون کے مطابق قرارواقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔

(جاری ہے)

آپ کو نہ صرف انصاف ملے گا بلکہ انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔ آپ سے وعدہ ہے کہ آپ کو ہرصورت انصاف دلائوں گا اور انصاف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ پنجاب حکومت آپ کے خاندان کی دیکھ بھال کیلئے ہرممکن تعاون کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ کیس کی تحقیقات جلد مکمل کی جائیں اور مقدمے میں نامزد مفرور ملزم کو بھی جلد گرفتار کیا جائے۔ سی سی پی او نے کیس پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 6 ملزمان میں سے 5 ملزم گرفتار کئے جاچکے ہیں جبکہ مفرور ملزم کو بھی جلد گرفتار کر لیں گے۔ سی سی پی اولاہور اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن بھی اس موقع پر موجود تھے۔