مجھے بہادراور اعلی پیشہ وارانہ مہارت کی فوج کا سربراہ ہونے پر فخر ہے ، جنرل قمر جاویدباجوہ

پاک فوج کے جوان دنیا کے بہترین فوجی ہیں ،انسداد دہشت گردی کے آپریشنز کے تجربہ نے ہمیں جنگی لحاظ سے مضبوط بنا دیا ہے ، پاک فوج کے افسران اور جوان اپنے آپ کو ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار رکھیں ، پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا ایلیٹ سٹرائیک کورس اور ملتان گریژن کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال

پیر 23 جنوری 2017 19:44

مجھے بہادراور اعلی پیشہ وارانہ مہارت کی فوج کا سربراہ ہونے پر فخر ہے ..
راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے روایتی جنگ کے چینلجز سے نمٹنے کے لئے پاک فوج کی مکمل تربیت اور تیاریوں کی تعریف کی ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار آرمی چیف نی پیر کو ایلیٹ سٹرائیک کورس اور ملتان گریژن کے دورہ کے موقع پر کیا ۔آرمی چیف نے شہداء کی یادگار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔

کورکمانڈر ملتان نے آرمی چیف کو آپریشنل اور تیاریوں اور فوجی دستوں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فاٹا اور کے پی کے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں ملتان کور کی بھر پور شرکت کو سراہا ۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج کے جوان دنیا کے بہترین فوجی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے بہادراور اعلی پیشہ وارانہ مہارت کی فوج کا سربراہ ہونے پر فخر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے آپریشنز کی کارروائیوں کے تجربہ نے ہمیں جنگی لحاظ سے مضبوط بنا دیا ہے جو آپریشنل تیاری میں مثبت اضافہ ہے ۔انہوں نے فوج افسروں اور جوانوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے آپ کو مکمل طور پر تربیت یافتہ اور ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لئے تیار رکھیں ۔آرمی چیف جب ملتان پہنچے تو کورکمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار نے ان کا خیر مقدم کیا ۔