وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان کا گورنر خیبر پختونخواہ اقبال ظفر جھگڑا سے رابطہ‘ پارہ چنار دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار

پیر 23 جنوری 2017 19:40

وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان کا گورنر خیبر پختونخواہ اقبال ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان نے گورنر خیبر پختونخواہ اقبال ظفر جھگڑا سے رابطہ کیا اورپارہ چنار دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہارکیا ۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے موسم کی خرابی کی وجہ سے پارہ چنار روانگی ملتوی ہونے پر گورنر کو اعتماد میں لیا۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نیکٹا کے سربراہ کو ہدایت کی ہے کہ اس بات کی تحقیقات کی جائیں کہ دو واضح تھریٹ الرٹ جو کہ وزارتِ داخلہ کی جانب سے 25نومبر اور14 دسمبر کو جاری کیے گئے انکے باوجود مناسب سیکیورٹی کے انتظامات کیوں نہ کیے گئے۔ گورنر خیبر پختونخواہ نے ایسی ہی تحقیقات اپنی مقامی انتظامیہ سے بھی کرانے کا عندیہ دیا۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ اتنی قربانیوں اور کامیابیوں کے بعد ایک بھی واقعہ ہوتا ہے تو قوم میں سخت تشویش پھیلتی ہے‘اب وقت آ گیا ہے کہ موثر انٹیلی جنس اطلاعات کے باوجود اگر اس قسم کے واقعات ہوتے ہیں تو اس کا تجزیہ کیا جائے کہ کہیں یہ سیکیورٹی میں کوتاہی تو نہیں اور اگر ہے تو اس کا کون ذمہ دار ہے۔