صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کو خوبصورت اور ترقی یافتہ بنایا جا رہا ہے،عنایت اللہ

پیر 23 جنوری 2017 19:34

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے کہا ہے کہ پشاور شہر کے بعد صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کو خوبصورت اور ترقی یافتہ بنایا جا رہا ہے جس پر تقریباً16ارب روپے لاگت آئے گی۔ ڈویژنل اپ لفٹ کے نام سے شروع ہونے والے اس منصوبے کے تحت مردان،مینگورہ،ایبٹ آباد،ڈی آئی خان،کوہاٹ اور بنوں شہر میں پارکس،گرین بیلٹس اور فٹ پاتھ تعمیر کئے جا رہے ہیں جبکہ چوراہوں کو خوبصورت اور ثقافتی ورثوں کو محفوظ بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو پشاور میں مردان شہر کی ترقی کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔اس موقع پر چیف آفیسر لوکل گورنمنٹ،سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ،تحصیل ناظم وتحصیل نائب ناظم مردان،ٹی ایم او اور پراجیکٹ ڈائریکٹر مردان نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر کو ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کی خوبصورتی اور ترقی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر بلدیات عنایت اللہ نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت مردان شہر کی خوبصورتی و ترقی پر ایک ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جبکہ اس ضمن میں مردان شہر کو مزید 500ملین روپے دئیے جائیں گے جن کی تکمیل سے مردان خوبصورت اور ترقی یافتہ شہر بن جائے گا۔