پاکستان آرمی کے فوجی دنیا میں بہترین ہیں،بہادر اور انتہائی پیشہ ور فوج کا سپہ سالار ہونے پر فخر ہے،جنرل قمر جاوید باجوہ

انسداد دہشتگردی آپریشنز کے تجربے نے ہمیں دنیا کی سخت جان فوج بنادیا ہے ، آرمی چیف کا ملتان میں خطاب سربراہ پاک فوج کا ایلیٹ سٹرائیک کور ملتان گریژن کا دورہ ، کور کمانڈر نے بریفنگ دی، یادگار شہداء پر فاتحہ خوانی ،پھولوں کی چادر چڑھائی

پیر 23 جنوری 2017 19:31

پاکستان آرمی کے فوجی دنیا میں بہترین ہیں،بہادر اور انتہائی پیشہ ور ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی کے فوجی دنیا میں بہترین ہیں ،مجھے ایک بہادر اور انتہائی پیشہ ور فوج کا سپہ سالار ہونے پر فخر ہے، انسداد دہشتگردی آپریشنز کے تجربے نے ہمیں دنیا کی سخت جان فوج بنادیا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو ایلیٹ سٹرائیک کور ملتان گریژن کا دورہ کیا ۔

انہوں نے یادگار شہداء پر ر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ کور کمانڈر کی جانب سے آرمی چیف کو فوجیوں کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور ایڈمنسٹریشن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ بعد ازاں آرمی چیف نے گریژن کے فوجیوں اور افسروں سے خطا ب کیا ۔ آرمی چیف نے فاٹا اور خیبر پختونخوا میں جاری انسداد دہشتگردی آپریشنز میں ملتان کور سے فوجیوں کی شرکت کو سراہا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے روایتی جنگ کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے خود کو پوری طرح تربیت یافتہ اور تیار رکھنے پر انکی خاص طور پر تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی کے فوجی دنیا میں بہترین ہیں ۔ فوج اپنے فوجیوں کی وجہ سے ہی جانی جاتی ہے ۔ مجھے ایک بہادر اور انتہائی پیشہ ور فوج کا سپہ سالار ہونے پر فخر ہے ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کے آپریشنز کے تجربے نے ہمیں دنیا کی سخت جان فوج بنادیا ہے جو آپریشنل تیاریوں میں ایک گراں قدر اضافہ ہے ۔

انہوں نے افسروں اور جوانوں کو ہدایت کی کہ خود کو پوری طرح تربیت یافتہ رکھتے ہوئے ہر طرح کے خطرات سے ٹمٹنے کیلئے تیار رہیں ۔ اس موقع پر فوجیوں نے آرمی چیف سے کھلے ماحول میں تبادلہ خیال کیا اور ملک و قوم کی بے لوث خدمت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ قبل ازیں ملتان پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔