سماجی بھلائی کی غیر سرکاری تنظیمیں حکومت کا بازو ہیں ، آغا سراج درانی

صحت ، تعلیم اورسماجی بہبود کے شعبہ میں این جی اوز کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ،امیگوس ویلفیئر ٹرسٹ وفد سے ملاقات قائم مقام گورنرنے امیگوس ویلفیئر ٹرسٹ کو 50 لاکھ روپے کا چیک دیا،85 اراکین کو ملازمت دلا چکے ،صدرٹرسٹ انور مسیح، گورنر سندھ کو ٹرسٹ کی تفصیلی بریفنگ

پیر 23 جنوری 2017 19:21

سماجی بھلائی کی غیر سرکاری تنظیمیں حکومت کا بازو ہیں ، آغا سراج درانی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء) قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج خان درانی نے کہا ہے کہ سماجی بھلائی کی غیر سرکاری تنظیمیں حکومت کا بازو ہیں کیونکہ ان کے ذریعہ مختلف شعبوں کے مسائل کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نا بینا افراد کی فلاح و بہبو د کے لئے کام کرنے والی تنظیم امیگوس ویلفیئر ٹرسٹ کو 50 لاکھ روپے کا امدادی چیک دینے کے موقع پر کیا ۔

انہوں نے کہا کہ صحت ، تعلیم ا ور سماجی بہبود کے شعبہ میں این جی اوز کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ان کے ذریعہ نہ صرف ان شعبوں میں عوام کو بہتر سہولیات فراہم ہوتی ہیں بلکہ مستحق افراد کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے میں بھی مدد ملتی ہے ۔ آغا سراج درانی نے کہا کہ معاشرے کے مخصوص طبقات کے لئے کام کرنے والی این جی اوز اور بھی زیادہ اہمیت کی حامل ہوتی ہیں کیونکہ ان کے ذریعہ معاشرے کے اس طبقہ کو صحت ، تعلیم اور دیگر ضروریات زندگی ان کی دہلیز پر فراہم ہوتی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نابینا افراد کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے اور ان کی معاشی مدد میں امیگوس ویلفیئر ویلفیئر ٹرسٹ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔ انہوں نے ٹرسٹ کو یقین دلایا کہ ان کے اراکین کے مسائل حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے جبکہ بلدیاتی اداروں میں ملازم نابینا افراد کی مستقلی کے لئے بھی متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے گا ۔

ٹرسٹ کے صدر انور مسیح نے قائم مقام گورنر کو بتایا کہ ان کے 200 سے زیادہ اراکین میںسے ٹرسٹ کی کاوشوں سے اب تک 85 اراکین کو ملازمتیں دلائی گئی ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹرسٹ کے 40 اراکین اس سال میٹرک ، انٹر میڈیٹ اور ڈگری سطح کے امتحانات میں شریک ہوئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرسٹ کے اراکین کو سیلف ایمپلائمنٹ میں مدد دی جاتی ہے جبکہ انھیں کمپیوٹر کی ٹریننگ بھی فراہم کی جاتی ہے ۔ ا نہوں نے امدادی چیک کی فراہمی پر قائم مقام گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :