اپریل تک اوکاڑہ اور اس برس کے آخر تک ننکانہ ‘ ساہیوال ریلوے سٹیشنوں کی تعمیر مکمل کی جائے،خواجہ سعد رفیق

پیر 23 جنوری 2017 19:16

اپریل تک اوکاڑہ اور اس برس کے آخر تک ننکانہ ‘ ساہیوال ریلوے سٹیشنوں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ہدایت کی ہے کہ اپریل تک اوکاڑہ اور اس برس کے آخر تک ننکانہ اور ساہیوال کے ریلوے سٹیشنوں کی تعمیر مکمل کر لی جائے، انہوں نے نارووال، حسن ابدال، بہاولپور اور رائے ونڈکے ریلوے سٹیشنوں کی تعمیر مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ تعمیر کے معیار اور تکمیل کی مدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

خواجہ سعد رفیق ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں مختلف ریلوے سٹیشنوں کی تعمیرکے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے اجلاس میں خانیوال کے ریلوے سٹیشن کی تعمیرنو کی منظوری بھی دی۔ وزیر ریلویز خواجہ سعدرفیق کو بتایا گیا کہ ساہیوال اور ننکانہ صاحب میں تعمیر کا کام سست روی کا شکار ہے جس پر انہوں نے عدم اطمینان کا اظہارکیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اوکاڑہ ریلوے سٹیشن پر لگائے جانے والے تعمیراتی سامان کے معیا ر کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ریلوے حکامنیسپاک کی مشاورت کے ساتھ بہترین معیار کے سامان کی منظوری دیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا سٹیٹ آف دی آرٹ ریلوے سٹیشن بنائے جائیں جہاں مسافروں کی سہولت کے ساتھ ساتھ خوبصورتی کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کے ساتھ ایسے کنٹریکٹر نہیںچل سکیں گے جو کام کے معیار اور تکمیل کے حوالہ سے اپنے وعدے پورے نہیں کریں گے۔ اجلاس میںمشیر ریلویز انجم پرویز، ایڈیشنل جنرل منیجر ہمایوں رشید سمیت ریلوے کے دیگر افسران نے شرکت کی۔