صوبہ خیبرپختونخوا میں بین الاقوامی سیاحوں کولانا اولین ترجیح ہے، عبدالمنعیم

پیر 23 جنوری 2017 18:36

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سیاحت عبدالمنعیم خان نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات کی دنیا بھر میں رونمائی اور بین الاقوامی سیاحوں کو ہرممکن طریقے سے صوبہ کے سیاحتی مقامات کی جانب راغب کرنا صوبائی حکومت اورمحکمہ سیاحت و ثقافت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے صوبائی حکومت سمیت محکمہ بھی ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپین میں منعقدہ 5 روزہ بین الاقوامی سیاحتی میلے ''FITUR SPAIN'' میں شرکت کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکرٹری محکمہ سیاحت ، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم و امور نوجوانان محمد طارق، منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان، جنرل منیجر پراپرٹی اینڈ ایڈمن سجاد حمید، ڈائریکٹر کلچر اجمل خان بھی موجود ہیں، 18جنوری سی22 جنوری تک منعقد ہونے والے بین الاقوامی سیاحتی میلے میں محکمہ سیاحت اور ثقافت خیبرپختونخوا نے صوبہ کے سیاحتی مقامات کی رونمائی اور فروغ کیلئے سٹال سجایا جہاں صوبہ کی سیاحت و ثقافت کے پمفلٹ، بینرز، برائوشرز اور دیگر اشیاء سجائی گئی ہیں تاہم ساتھ ہی ساتھ صوبہ کے سیاحتی مقامات کے متعلق بنائی گئی‘ ڈاکومینٹریز اور دیگر معلومات بھی فراہم کی گئیں۔

(جاری ہے)

سیکرٹری محمد طارق نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا پر امن صوبہ ہے اور یہاں کے سیاحتی مقامات سیاحوں کیلئے مکمل طور پر محفوظ ہیں ، صوبائی حکومت کی جانب سے بین الاقوامی سیاحوں کیلئے ملاکنڈڈویژن کے سیاحتی مقامات کے رخ کیلئے این او سی کی شرط ختم کردی گئی ہے جس کا مقصد ہی سیاحوں کو ان مقامات کی جانب راغب کرناہے تاکہ صوبہ خیبرپختونخوا ایک بار پھر بین الاقوامی سیاحت کیلئے آباد ہوسکے، صوبائی حکومت اور محکمہ سیاحت نے گزشتہ سال شندور میلہ کامیابی سے منعقد کیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں سیاحوں نے چترال کا دورہ کیا جو کہ خوش آئند اقدام ہے، منیجنگ ڈائریکٹر مشتاق احمد خان نے کہاکہ بین الاقوامی سیاحتی میلے میں سپین کے نمائندہ وفد نے صوبہ خیبرپختونخوا میں مختلف سیاحتی پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کی جن میں ایڈونچر تھیم پارک گلیات،واٹرسپورٹس کی سہولیات،ریسٹ ہائوسز ،بین الاقوامی معیار کی چیئرلفٹ اور ان کی تزہین و آرائش،ٹورسٹ ویلیج اور بیس کیمپ وغیرہ سمیت آرکیالوجیکل سائٹ میں سرمایہ کاری شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ میلے میں ٹورازم اور کلچر کے سٹال پر بین الاقوامی سیاحوں کی دلچسپی خوش آئند اقدام ہے اور ٹورازم کارپوریشن کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ بین الاقوامی سیاح زیادہ سے زیادہ خیبرپختونخوا کا رخ کرے تاکہ سیاحتی مقامات فروغ پاسکیں، ڈائریکٹر کلچر اجمل خان نے ٹیلفونک گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا کی ثقافت دنیا میں جانی و پہچانی جاتی ہے اور ہماری کوشش ہے اپنی ثقافت کو دنیا بھر میں اجاگر کریں ۔

متعلقہ عنوان :