خواجہ سرائوں سے اسلحہ کی نوک پر ہزاروں کی نقدی اور قیمتی موبائل فونز چھیننے میں ملوث گروہ کاسرغنہ گرفتار

پیر 23 جنوری 2017 18:36

خواجہ سرائوں سے اسلحہ کی نوک پر ہزاروں کی نقدی اور قیمتی موبائل فونز ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) پشاور پولیس نے خواجہ سرائوں سے اسلحہ کی نوک پر ہزاروں کی نقدی اور قیمتی موبائل فونز چھیننے میں ملوث گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا ۔ملزم کے قبضہ سے لوٹی گئی رقم ، ایک موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے دیگر 3ساتھیوں کے نام بھی اگل دیئے جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔

21جنوری 2017کو فیروز عرف فیروزہ ولد محمد امین ساکن خیبر ایجنسی (حال ہشت نگری فہیم پلازہ )نامی خواجہ سراء نے رپورٹ درج کرائی تھی کہ وہ اپنے دیگر خواجہ سراء ساتھیوں آصف عرف مسکان اور شاہ زیب عرف سدرہ کے ہمراہ عطاء محمد گڑھی میں نہال ولد سندل کے پروگرام میں پرفارمنس کے لیے گئے تھے جہاں سے رات گئے واپسی پر دیر کالونی میں 4مسلح افراد نے انہیں یرغمال بنا کر اسلحہ کی نوک پر ان سے مجموعی طور پر 30ہزار کی نقدی اور3قیمتی موبائل فونز چھین لئے۔

(جاری ہے)

ملزمان واردات کے بعد دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تھانہ یکہ توت میں ایف آئی آر کے اندراج کے بعد ایس ایس پی آپریشنز سجاد خان نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق کی سربراہی میں ڈی ایس پی سبرب فضل واحد خان کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی جس میں ایس ایچ او تھانہ یکہ توت اعجاز اللہ خان اور دیگر تفتیشی عملہ شامل تھا جنہوںنے سائنسی خطوط اور ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں کے اندر اندرگروہ کے سرغنہ خان سید ولد جہانزیب ساکن گڑھی عطاء محمد کو گرفتار کرلیا جس کے قبضہ سے مسروقہ نقدی میں سی12ہزار کی رقم، ایک موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والا پستول بمع کارتوس برآمد کرلیئے۔

ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف جرم کرتے ہوئے اپنے دیگر 3ساتھیوں کے نام بتائے ہیں جن کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے اور بہت جلد دیگر ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :