پاک فوج دنیا کی بہترین، بہادر اور پروفیشنل فوج، روایتی جنگ کے چیلنجز کا سامنا قابل تعریف ہے،آرمی چیف

دہشت گردی کیخلاف آپریشنز کے تجربات نے ہمیں سخت بنا دیا ہے ، یہ صلاحیت ہماری آپریشنل تیاریوں میں مزید اضافہ کرتی ہے ،فوجی افسران اور جوان خود کو مکمل طور پر تربیت یافتہ بنائیں تاکہ ہرقسم کے خطرات کو شکست دی جاسکے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا سٹرائیک کور ملتان گیرژن کے دورے کے موقع پر افسران اور جوانوں سے خطاب آرمی چیف کو آپریشنل اور انتظامی تیاریوں پر بریفنگ ،جنرل باجوہ نے یادگار شہد ا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی،آئی ایس پی آر

پیر 23 جنوری 2017 18:26

پاک فوج دنیا کی بہترین، بہادر اور پروفیشنل فوج، روایتی جنگ کے چیلنجز ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جنوری2017ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج دنیا کی بہترین، بہادر اور پروفیشنل فوج ہے، روایتی جنگ کے چیلنجز کا سامنا قابل تعریف ہے، پاک فوج کے جوان دنیا کی تمام افواج میں سے بہترین جوان ہیں ،دہشت گردی کیخلاف آپریشنز کے تجربات نے ہمیں سخت بنا دیا ہے یہ صلاحیت ہماری آپریشنل تیاریوں میں مزید اضافہ کرتی ہے ،فوجی افسران اور جوان خود کو مکمل طور پر تربیت یافتہ بنائیں تاکہ ہرقسم کے خطرات کو شکست دی جاسکے۔

پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سٹرائیک کور ملتان گیرژن کا دورہ کیا ۔کورکمانڈر ملتان نے آپریشنل اور انتظامی تیاریوں پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے خیبرپختونخوا اور فاٹا میں آپریشنز میں حصہ لینے والی ملتان کور کو سراہا۔آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک فوج کا دنیا کی بہترین افوج میں شمار ہوتا ہے ،جوانوں کی روایتی جنگ کے چیلنجز سے نمٹنے کی تیاری قابل ستائش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف آپریشنز کے تجربات نے ہمیں سخت بنا دیا۔ یہ صلاحیت ہماری آپریشنل تیاریوں میں مزید اضافہ کرتی ہے۔ پاک فوج کا جوان دنیا کی تمام افواج میں سے بہترین جوان ہے۔ مجھے بہادر اور انتہائی پیشہ ورانہ فوج کا سربراہ ہونے پر فخر ہے۔آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ خود کو مکمل طور پر تربیت یافتہ بنائیں تاکہ ہرقسم کے خطرات کو شکست دی جاسکے ۔

فوجی جوان آرمی چیف کے ساتھ گھل مل گئے اور انکے ساتھ کھل کر بات چیت کی اورفخریہ انداز میں ملک وقوم کی بے لوث خدمت کرنے کی خواہش کا اظہا رکیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ نے یادگار شہد ا پر حاضری بھی دی اور پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔اس سے قبل آرمی چیف کی ملتان آمد پر کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار نے انکا استقبال کیا۔