وفاقی وزیر داخلہ کا گورنر خیبرپختونخوا سے رابطہ، پارا چنار دھماکے میں قیمتی جانوں کے زیاں پر اظہار افسوس

نیکٹا سربراہ کو دو واضح تھریٹ الرٹس کے باوجود مناسب سیکیورٹی انتظامات نہ ہونے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کی ہے، چودھری نثار

پیر 23 جنوری 2017 17:56

وفاقی وزیر داخلہ کا گورنر خیبرپختونخوا سے رابطہ، پارا چنار دھماکے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا سے پارا چنار دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے زیاں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے گورنر خیبرپختونخوا سے رابطہ کیا اور پارا چنار دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوںکے زیاں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، وزیر داخلہ نے موسم کی خرابی کی وجہ سے پارہ چنار روانگی ملتوی ہونے پر گورنر کو اعتماد میں لیا، وزیر داخلہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے نیکٹا کے سربراہ کو ہدایت کی ہے کہ اس بات کی تحقیقات کی جائیں کہ 25 نومبر اور 14 دسمبر کو جاری ہونیوالی دو واضح تھریٹ الرٹ کے باوجود مناسب سیکیورٹی انتظامات کیوں نہ کئے گئے، انہوں نے کہا کہ اتنی قربانیوں اور کامیابیوں کے بعد ایک بھی واقعہ ہوتا ہے تو قوم میں سخت تشویش پھیل جاتی ہے، وزیر داخلہ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ موثر انٹیلی جنس اطلاعات کے باوجود اگر اس قسم کے واقعات ہوتے ہیں تو اس کا تجزیہ کیا جائے کہ کہیں یہ سیکیورٹی میں کوتاہی تو نہیں اور اگر ہے تو اس کا کون ذمہ دار ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر خیبر پختونخواہ نے ایسی ہی تحقیقات اپنی مقامی انتظامیہ سے بھی کرانے کا عندیہ دیا۔

متعلقہ عنوان :