اسلام آباد پولیس کی طرف سے آن لائن مرکز کا قیام عوام کی شکایات جلد حل کرنے میں معاون ثابت ہو گا،خالد اقبال ملک

پیر 23 جنوری 2017 17:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے عوام کی شکایات کے ازالہ کیلئے آن لائن مرکز قائم کرکے ایک مثبت اقدام اٹھایا ہے جس کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں کیونکہ اس سے تاجر برادری کی شکایات کا بھی بہتر ازالہ ہو گا اور عوام کے مسائل جلد حل ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس پی سٹی زبیر احمد شیخ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایس پی سٹی کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی طرف سے تیار کرائے گئے معلوماتی بورڈ بھی فراہم کئے جن کو اسلام آباد کے تھانوں میں آویزاں کیا جائے گا۔ ان بورڈ پر ایس یم ایس، فیکس، ٹیلیفون کال،ای میل، ویب سائٹ، فیس بک اور ٹویٹر کے ذریعے اسلام آباد پولیس کو شکایات بھیجنے کی معلومات فراہم کی گئی ہیں اور عوام ان میں سے کسی بھی ذریعے کو استعمال کر کے اپنی شکایات پولیس کو بھجوا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

خالد اقبال ملک نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں پولیس انفارمیشن ٹیکنالوجی کو استعمال میں لا کر عوام کی شکایات کا فوری ازالہ کر رہی ہے جس سے جرائم میں واضع کمی ہوئی ہے اور عوام کا پولیس پر اعتماد بڑھا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد پولیس کی طرف سے شکایات کے ازالے کیلئے آن لائن مرکز کا قیام عوام کی شکایات کو جلد حل کرنے میں مفید کردار ادا کرے گا اور اس سے عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کی فضا بہتر ہو گی جبکہ جرائم میں بھی خاطر خواہ کمی واقع ہو گی۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس تاجر برادری سمیت عوام کے مسائل مزید بہتر طریقے سے حل کرنے کی کوششوں میں اسلام آباد پولیس کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا تا کہ مشترکہ کوششوں سے امن و امان کی صورت حال کو مزید بہتر کیا جا ئے جس سے کاروبار سرگرمیوں کو بھی بہتر فروغ ملے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس پی سٹی زبیر احمد شیخ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے پولیس کیلئے معلوماتی بورڈ تیار کروا کر فراہم کرنے پر چیمبر کے صدر خالد اقبال ملک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چیمبر کے اس تعاون سے عوام کو اپنی شکایات بھجوانے میں مزید سہولت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ان معلوماتی بورڈز کو اسلام آباد کے تھانوں میں آوایزاں کیا جائے گا تا کہ عوام ان سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل پولیس طارق مسعود یاسین کی قیادت میں اسلام آباد پولیس عوام کا اعتماد بہتر کرنے اور دوستانہ کلچر کو فروغ دینے کیلئے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے پولیس پبلک ریلیشنز اینڈ کوآپریشن ڈویلپمنٹ پروگرام پر کام شروع کر دیا گیا ہے تا کہ پولیس اور عوام کے درمیان بہتر تعلقات قائم کئے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ جرائم پر قابو پانے کیلئے پولیس کو عوام کے قریبی تعاون کی ضرورت ہے اور اسلام آباد پولیس ان مقاصد کے حصول کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر طاہر ایوب، خالد چوہدری، سیف الرحمٰن، چوہدری عرفان اور ضیا چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :