حلال تحقیقی امور پر بین الاقوامی مرکز اور سنہا ایسوسی ایٹ کے درمیان معاہدہ

پیر 23 جنوری 2017 17:38

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی اور سنہا ایسوسی ایٹ پاکستان کے درمیان حلال تحقیقی امور پرایک معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں جس کا مقصد پاکستان میں حلال تجزیاتی سروس کی وسعت کو مزید فروغ دینا ہے جبکہ دونوں اداروں کی سطح پر حلال موضوعات پرمذید مشترکہ تحقیق امور کو فروغ دینا ہے۔

پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری جبکہ سنہا ایسوسی ایٹ پاکستان کے سی ای او مفتی یوسف عبدالرزاق نے اس تحقیقی معاہدے پر دستخط بین الاقوامی مرکزجامعہ کراچی میںمنعقدہ ایک تقریب کے دوران کئے۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال بھنگر، ڈاکٹر غلام مشرف، ڈاکٹر کامران عظیم، ڈاکٹر شکیل احمد اور مفتی عارف علی شاہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پروفیسر اقبال چوہدری نے کہاحلال امور میںمشترکہ تحقیقی کاوشوں سے سائنس اور ٹیکنالوجی اور شریعت کو مزید نزدیک لانا ہے جبکہ متعلقہ مسائل پر عوامی آگاہی کے لئے سیمینار اور دیگر معلوماتی نشستوں کا انعقاد کرنا ہے، بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کے تحت خصوصی حلال تجرباتی لیبارٹری پہلے ہی سے سرگرمِ عمل ہے جہاں پر اس معاہدے کے تحت دیگر قابلِِ بحث حلال تحقیقی موضوعات پر بھی تحقیق کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مرکز کی یہ تجزیاتی سہولت تجربہ کار اور لائق سائنسدانوں کی زیرِ نگرانی کام کررہی ہے، ان سائنسدانوں میں پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال بھنگر، ڈاکٹر غلام مشرف، ڈاکٹر کامران عظیم اور ڈاکٹر شکیل احمد کے نام شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ادارے کے تحت سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کو حلال اور غیر حلال کے عنوان سے مصنوعات کی صحت کا تعین کرنے کے لئے سائنسی تجزیاتی سہولت فراہم کی جارہی ہے، بین الاقوامی مرکز متعدد سالوں سے ملک میں سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کو سائنسی جانچ پڑتال کی اعلیٰ سہولیات فراہم کررہا ہے۔