وزارت منصوبہ بندی نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 3 کھرب 11 ارب 68 کروڑ سے زائد فنڈز جاری کر دیئے

پیر 23 جنوری 2017 17:17

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) وزارت منصوبہ بندی و ترقیات نے رواں مالی سال کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 3 کھرب 11 ارب 68 کروڑ 19 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ حکومت نے رواں مالی سال کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں کیلئے 8 کھرب روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں۔

(جاری ہے)

پلاننگ کمیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کیلئے 49 ارب، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کیلئے 83 ارب، واپڈا پاور سیکٹر کیلئے 47 ارب، اے جے کے بلاک کیلئے 10 ارب، ریلویز ڈویژن کیلئے 13 ارب، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کیلئے 12 ارب، داخلہ ڈویژن کیلئے 8 ارب، صحت کی سہولیات کیلئے 7 ارب، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کیلئے 8 ارب سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔