حکومت سندھ نے لاڑکانہ کی ترقی کے لیے 2 ارب روپے مختص کردیئے

پیر 23 جنوری 2017 17:03

حکومت سندھ نے لاڑکانہ کی ترقی کے لیے 2 ارب روپے مختص کردیئے
لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء) پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے لاڑکانہ کے حلقہ این اے 204 سے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے سے قبل حکومت سندھ نے لاڑکانہ کی ترقی کے لیے 2 ارب روپے مختص کردیئے، ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کرنے کا ٹاسک میئر کے حوالے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے لاڑکانہ شہر کے حلقہ این اے 204 سے ضمنی انتخاب لڑنے کے اعلان کے بعد اور انتخاب کے قبل لاڑکانہ شہر کے مسائل کو حل کرنے کے لیے پارٹی قیادت نے منصوبہ بندی کرلی ہے اس وقت لاڑکانہ شہر کا سب سے بڑا مسئلہ ڈرینج نظام کی خرابی اور روڈوں، گلیوں اور چوراہوں پر کھڑا گندہ پانی ہے۔

ذرائع کے مطابق ان مسائل کو حل کرنے کے لیے پیپلز پارٹی قیادت کے کہنے پر حکومت سندھ نے لاڑکانہ شہر کے لیے 2 ارب روپے مخصوص کردیئے ہیں جس رقم سے لاڑکانہ شہر کے 20 یونین کمیٹیز میں ترقیاتی کام کروائے جائیں گے جس میں ہر یونین کمیٹی کے گلیوں میں پیور لگاکر انہیں بہتر کیا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ نالوں کی تعمیر کرواکر گندے پانی کے نکاسی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق گلیوں کے ترقیاتی کاموں کے لیے تمام یونین کمیٹیز کی اسکیمیں تیار کی گئی ہیں جو بہت جلد حکومت سندھ کو بھیجے جائیں گے ان کی منظوری کے بعد ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ دوسری جانب شہر کے دوسرے اہم مسئلے ڈرینج نظام کی بہتری کے لیے ڈیڑھ ارب روپیوں کی لاگت سے نئے نالے تعمیر کروانے کا بھی کام جاری ہے جو کام گذشتہ سال شروع کیا گیا تھا جو لاگت کے حساب سے مطلوبہ فنڈز جاری نہ ہونے کے باعث سست رفتاری کا شکار ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پیپلز پارٹی قیادت نے ان کاموں کو تیز کرنے کے ہدایات دینے کے ساتھ ساتھ ان منصوبوں کی نگرانی لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن کے میئر محمد اسلم شیخ کے حوالے کردی ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ شہر کے اندر گندے پانی کے نکاسی کے لیے تعمیر کردہ ڈسپوزلز کا کام بھی آخری مراحل میں ہے جہاں بجلی لگوانے میں دیر ہونے کے باعث ان کا کام مکمل ہونے میں دیر ہورہی ہے۔

اس حوالے سے سیپکو افسران سے بھی اعلیٰ سطح پر رابطے کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب شہر کے اندر تعمیر کروائے گئے نئے روڈوں کے دونوں اطراف اور سینٹر میں پیور لگاکر فوٹ پات بنانے اور انہیں خوبصورت کرنے کا کام بھی جاری ہے جبکہ ساتھ ہی ساتھ ترقیاتی اسکیمز کو تیز کرنے کے لیے لاڑکانہ کے ڈپٹی کمشنر کو بھی ہدایات جاری کیے گئے ہیں اور ہر ماہ پراگریس رپورٹس بھی طلب کیے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :