سعودی ایوی ایشن اتھارٹی کی واجبات نہ ملنے پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی پروازیں روکنے کی دھمکی دیدی

وزارت خزانہ نے دھمکی کے بعد پی آئی اے حکام کو واجبات کی مد میں سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو 2 ارب 20کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایت کردی

پیر 23 جنوری 2017 16:51

سعودی ایوی ایشن اتھارٹی کی واجبات نہ ملنے پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2017ء) سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے واجبات نہ ملنے پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی پروازیں روکنے کی دھمکی دیدی جبکہ وزارت خزانہ نے سعودی دھمکی کے بعد پی آئی اے حکام کو واجبات کی مد میں سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو 2 ارب 20کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بلندو بانگ دعوئوں کے باوجود وفاقی حکومت پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کو بحال کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے ۔

وزارت خزانہ نے پی آئی اے کے بڑھتے ہوئے قرضوں پر تحفظات کا ظہار کرتے ہوئے واجبات کی ادائیگیوں کے حوالے سے ٹھوس منصوبہ سازی کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔وزارت خزانہ نے عدم ادائیگی کی صورت میں فلائٹ آپریشن بند ہونے کی سعودی دھمکی کے بعد پی آئی اے حکام کو واجبات کی مد میں سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو 2 ارب 20کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے قرضوں اور سود کی مد میں جنوری 2017 سے جون کے درمیان25ارب کی ادائیگیاں کر نا ہیں ۔پی آئی ا ے نے وفاقی حکومت کا 15ارب سے زائد قرضہ ادا کرنا ہے جبکہ این جی او ز کا 4ارب 22کروڑ اور 5ارب 54کروڑ روپے سود کی مد میں واجب الادا ہیں ۔سرکاری دستاویز میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان ایئر لائنز کوواجبات کی ادائیگی کیلئے جنوری میں 3ارب 48کروڑ ، فروری میں 5ارب 11کروڑ ، مارچ میں 3 ارب 25کروڑ ، اپریل میں 3ارب 28کروڑ ، مئی کے دوران 6ارب 50کروڑ جبکہ جون میں 3ارب 69کرو ڑ روپے درکار ہونگے۔اس کے علاوہ نوازحکومت کے گزشتہ تین سالوں کے دوران پی آئی اے پر مجموعی قرضوں کا حجم 185ارب سے تجاوز کر چکا ہے۔