امریکی کمپنی کے تیار کردہ جدید7 انجنوں پر مشتمل پہلی کھیپ پاکستان ریلوے کے حوالے

پیر 23 جنوری 2017 15:35

امریکی کمپنی کے تیار کردہ جدید7 انجنوں پر مشتمل پہلی کھیپ پاکستان ریلوے ..
اسلام آباد۔ 23 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) امریکی کمپنی کے تیار کردہ جدید7 انجنوں پر مشتمل پہلی کھیپ کراچی میں پاکستان ریلوے کے حوالے کردی گئی ۔ انجنوں کی کراچی آمد پر افتتاحی تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے جاوید انور اور امریکی کمپنی جنرل الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے شرکت کی۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ یہ انجن 4ہزار ہارس پاور کے ہیں ، جنھیں ساہیوال میں لگنے والے کول پاور پلانٹ کو کوئلے کی ترسیل کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

امریکی ساختہ انجن ویسٹ وہارف سے کراچی میں ریلوے شیڈ منتقل کیے جائیں گے۔جہاں ان کا مکینکیل پروسیس کیا جائیگا جو 15روز پر مشتمل ہوگا۔حکام نے بتایا کہ گزشتہ سال راہداری منصوبے کے تحت چین کی کمپنی کے ساتھ ’’ ان لینڈ کول ٹرانسپورٹیشن‘‘ کا معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت کول پاور پلانٹ کو امپورٹڈ کوئلہ فراہم کیا جائیگا اور یہ کوئلہ مکمل ماحول دوست ہوگا، پاور پلانٹ کو کوئلہ کی فراہمی اپریل 2017سے شروع ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق ریلوے کی تاریخ میں پہلی بار اتنے طاقتور انجن خریدے جا رہے ہیں ، 55انجنوں کی خرید اری کے تحت7انجن کراچی پہنچ گئے ہیں جبکہ بقایا انجن مرحلہ وار درآمد کیے جائیں گے۔ سال کے اختتام تک معاہدے کی تکمیل کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :