بہترکاروباری ماحول کے باعث پاکستانی سٹاک مارکیٹ کا شمار دنیا کی 5بڑی مارکیٹوں میں ہونے لگا ہے،صدر ایوان صنعت و تجارت

پیر 23 جنوری 2017 15:17

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدر محمد سعید شیخ نے کہا ہے کہ بہتر کاروباری ماحول کے باعث پاکستانی سٹاک مارکیٹ کا شمار دنیا کی 5بڑی مارکیٹوں میں ہونے لگا ہے جبکہ حکومت کی محتاط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی سٹاک مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے نیز نئی صنعتوں کے قیام اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کی غرض سے سرمائے کی فراہمی کیلئے سٹاک مارکیٹ کو کلیدی اہمیت حاصل ہے اور اس سلسلہ میں سنٹرل ڈیپازٹری کمپنی(سی ڈی سی) کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

سی ڈی سی کے زیر اہتمام لگائے جانے والے پاکستان کیپیٹل مارکیٹ ایکسپو کے دوران انہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ کو کسی بھی ملک کی معیشت کوماپنے کیلئے بیرو میٹر کی حیثیت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاشی فیصلوں کے نتیجہ میں فوری طور پر سٹاک مارکیٹ میں مندے یا تیزی کے رجحان سے ان فیصلوں کی اہمیت اور ان کے دور رس نتائج کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ سٹاک مارکیٹوں کے ذریعے ہی صنعتی اور معاشی ترقی کیلئے سرمایہ فراہم ہوتا ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے راہیں بھی سٹاک مارکیٹوں کے ذریعے ہی کھولی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی محتاط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی سٹاک مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور اس وقت ہماری سٹاک مارکیٹ کا شمار دنیا کی پانچ بڑی مارکیٹوں میں ہوتا ہے۔

انہوں نے فیصل آباد میں کیپیٹل مارکیٹ ایکسپو کے انعقاد کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس ایونٹ سے فیصل آباد کی تاجر برادری اور شرکاء کو شیئرمارکیٹ میں سرمایہ کاری کی اہمیت اور افادیت کو زیادہ بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی اور اس سے وہ منافع بخش سرمایہ کاری کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے سرمائے کے بہترین استعمال کو بھی یقینی بنا سکیں گے۔

تقریب میں سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے جوائنٹ ڈائریکٹر انویسٹر ایجوکیشن مرتضیٰ عباس، پاکستان سٹاک ایکسچینج ریجنل ہیڈمسٹر صمد، میوچل فنڈز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مشمومہ زہرہ مجید اور کیپیٹل ڈیپازٹری کمپنی کے منیجر مارکیٹنگ عارف احمد نے بھی خطاب کیا اور کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :