سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 کی بیٹری میں آگ لگنے کی وجہ سامنے آگئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 23 جنوری 2017 13:54

سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 کی بیٹری میں آگ لگنے کی وجہ سامنے آگئی

(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2017ء) : سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 کے صارفین اس کی بیٹری میں آگ لگنے سے خاصا پریشان تھے ، سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 میں آگ لگنے کی خبریں منظر عام پر آنے کے بعد فلائٹس میں بھی سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 کے استعمال سے گریز کرنے کی ہدایات کی جاتی رہی تھیں جبکہ سام سنگ موبائل کمپنی اپنے ہینڈ سیٹ سے متعلق ایسی خبروں سے سخت پریشان بھی دکھائی دی۔

گذشتہ برس 02 ستمبر 2016ء کو موبائل کمپنی سام سنگ نے عالمی مارکیٹس سے اپنا اسمارٹ فون گلیکسی نوٹ 7 واپس منگوانے کا فیصلہ کیا۔جنوبی کوریا کی خبر ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ موبال کمپنی کی جانب سے یہ اقدام سام سنگ کے اسمارٹ فون گلیکسی نوٹ 7 سے متعلق موصول ہونے والی شکایات اور دوران چارجنگ مذکورہ اسمارٹ فون کی بیٹری کے پھٹ جانے سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کے پیش نظر کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد بیٹری پھٹ جانے سے متعلق تحقیقات بھی کی گئیں۔ تاہم کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 کی بیٹری پھٹ جانے اور اس میں آگ بھڑک اُٹھنے کی وجہ اس بیٹری کا ڈیزائن اور اس کی مینوفیکچرنگ تھی۔ کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ 700 افراد پر مشتمل ایک اسٹاف نے 30 ہزار اضافی بیٹریز کے ساتھ ساتھ دو لاکھ موبائل فونز کا معائنہ بھی کیا۔

اس ضمن میں تین انڈسٹری آرگنائزیشنز (UL, Exponent, TUV Rheinland) کو بھی ٹاسک دیا گیا۔ اس معائنے میں نوٹ 7 کی ہارڈ وئیر ، سافٹر وئیر سمیت لاجسٹک پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا جس کے بعد بالآخر یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس تمام تر معاملے کی ذمہ دار محض فون کی بیٹری ہے۔ سام سنگ نے اپنے صارفین کو یقین دہانی کروائی ہے کہ اب جب مسئلے کا پتہ لگا لیا گیا ہے تو کمپنی کوالٹی کو بہترین بنانے کے لیے آئندہ مزید مؤثر اقدامات کرے گی۔