امداد پتافی نے نصرت سحر عباسی کو بہن بنا لیا،سر پر ہاتھ رکھا،ڈوپٹہ اوڑھا دیا

صدق دل سے اپنی بہن سے معافی مانگتا ہوں، صوبائی وزیر سرجھکائے کھڑے رہے بہن ہونے کے ناطے معاف کیا، بلاول بھٹو اور بختاور کی مشکور ہوں ،خاتون رکن اسمبلی

پیر 23 جنوری 2017 14:10

امداد پتافی نے نصرت سحر عباسی کو بہن بنا لیا،سر پر ہاتھ رکھا،ڈوپٹہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2017ء) صوبائی وزیر امداد پتافی نے نصرت سحر عباسی کو بہن بنا لیا اور سر پر ڈوپٹہ(اجرک)بھی اوڑھاتے کہاکہ وہ اپنے کیے پر سخت شرمندہ ہیں ،صدق دل سے جھک کر اپنی بہن سے معافی مانگتا ہوں ۔تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر جب ایوان میں آئیں تواس وقت مرد وخواتین اراکین نے ان سے اظہار یکجہتی کیا اور ان کی سیٹ کے ارد گرد جمع ہو گئے اور خواتین اراکین باری باری ان سے گلے ملتی رہیں اس موقع پر صوبائی وزیر سندھ امداد پتافی اپنی سیٹ سے اٹھ کر آئے اور جھک کر ان سے معافی مانگی ، سر ہاتھ رکھا اور ان کو اجرک بھی پیش کی ۔

اس موقع پر امداد پتافی نے نصرت سحر کو بہن مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ کیے پر بہت شرمندہ ہیں اور مجھ سے غلطی ہو گئی اور مجھے بہن ہونے کے ناطے معاف کردیں جس پر نصرت سحر کا کہنا تھا کہ امداد پتافی نے اب مجھے بہن کا درجہ دیا اور میرے سر پر ہاتھ رکھ اور ڈوپٹہ کرایا ہے لہذا میں اس معاملے کو یہی پررفع دفع کرنا چاہتی ہوں اور امید ہے کہ آئندہ کسی بھی خاتون کے ساتھ کوئی بھی رکن اسمبلی ایسا تضحیک آمیز سلوک نہیں کرے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میں بلاول بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو سمیت پیپلزپارٹی کی قیادت کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے مجھے عزت بخشی اور انصاف دلایا ، انہوں نے کہاکہ میں نے یہ سٹینڈ اس لئے لیا تاکہ آئندہ کسی بھی خاتون کیساتھ میرے جیسے سلوک نہ ہو۔