Live Updates

تحریک انصاف پارٹی فنڈز میں خورد برد کیس، الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابر کی توہین عدالت کی درخواست پر عمران خان کونوٹس جاری کردیا، 21 فروری تک جواب طلب

پیر 23 جنوری 2017 13:40

تحریک انصاف پارٹی فنڈز میں خورد برد کیس، الیکشن کمیشن نے  اکبر ایس بابر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے پارٹی فنڈز میں مبینہ خورد بردکے کیس میں اکبر ایس بابر کی توہین عدالت کی درخواست پر عمران خان کونوٹس جاری کرتے ہوئے ان سی21 فروری تک جواب طلب کر لیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ آئین میں درج ہے کہ باہر کے پیسوں سے چلنے والی جماعت تحلیل ہو گی، عمران خان نے 20 کروڑ ڈالر ہنڈی کے ذریعے منگوانے کا اعتراف کیا ہے۔

پیر کو الیکشن کمشن میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان کی سربراہی میں قائم 5 رکنی بنچ نے تحریک انصاف کے پارٹی فنڈز میں خورد برد کے کیس کی سماعت کی۔ تحریک انصاف کے بانی رکن اور مرکزی عہدیدار اکبر ایس بابر نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی جس پر کمیشن نے عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 21 فروری تک جواب طلب کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

اکبر ایس بابر نے کہا کہ عمران خان جنگل کے قانون پر یقین رکھتے ہیں، وہ اب احتساب سے نہیں بچ سکتے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں دانیال عزیز اور مائزہ حمید نے الیکشن کمیشن میں کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین میں درج ہے کہ باہر کے پیسوں سے چلنے والی جماعت تحلیل ہو گی۔ عمران خان نے 20 کروڑ ڈالر ہنڈی کے ذریعے منگوانے کا اعتراف کیا ہے۔

عمران خان الزامات لگا کر سیاست چمکا رہے ہیں، انہوں نے سیاست میں اداروں کی تضحیک اور گالم گلوچ کا کلچر متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کو الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں جواب دینا ہو گا۔ عمران خان اداروں کے سربراہان کو گالیاں دیتے ہیں، ہم بھی سیاستدان ہیں ہم نے ساری زندگی گیند کے پیچھے بھاگتے نہیں گزاری، عمران خان نے پہلے معافی مانگی اور اب فرار ہوگئے۔

عمران خان لوگوں پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہیں اور خود ہنڈی سے پیسے منگواتے رہے، اب جھوٹ سے کام نہیں چلے گا، عمران خان نے غیر ملکیوں کے نام پر پارٹی فنڈز منگوائے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان نے چوری کی تو اب تلاشی بھی دینا ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے بینچ نے اکبر ایس بابر کی توہین عدالت کی درخواست پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 21 فروری تک جواب طلب کر لیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات