عوام کے تعاون کے بغیر امن کا قیام ممکن نہیں ، ڈی پی او بونیر

پیر 23 جنوری 2017 13:23

عوام کے تعاون کے بغیر امن کا قیام ممکن نہیں ، ڈی پی او بونیر
بونیر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بونیر محمد ارشاد خان نے کہا ہے کہ بونیر میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے پولیس فورس 24گھنٹے چوکس ہے،پورے ضلع میں تمام تھانوں کی سطح پر گشت جاری ہے ،پولیس اپنے فرائض سے غافل نہیں ہے ،پولیس کی پوسٹنگ اور ٹرانسفر میں میرٹ کو ترجیح دی جاتی ہے ،بونیر کے منتخب ممبران اسمبلی اور ضلعی حکومت پولیس کے ساتھ امن و امان کے سلسلے میں بھر پور تعاون کررہے ہیں ،بونیر کے مختلف تھانوں کو بہت جلد جدید معیار کے مطابق تعمیر کرنے کے لئے بہت جلد کام کا آغاز کیا جارہاہے جس کی تکمیل سے عوام کو سہولیات میسر ہو گی ،ضلع میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے اوور لوڈ ٹرکوں کو ایک مخصوص وقت دیا جائے گا ،تھانہ ایلم میں تین عدد کمرے اپنی مدد آپ کے تحت تعمیر کئے جارہے ہیں ،بونیر کے عوام نے امن کے قیام میں پولیس کا بھر پور ساتھ دیا ہے اور عوامی تعاون کے بغیر امن کا قیام ممکن نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے بونیر پریس کلب کے دورہ کے موقع پر مقامی صحافیوں کے ساتھ گفتگوں کے دوران کیا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مٹی بھر عناصر ضلع کے پر امن حالات کو خراب کرنے کی جرات نہیں کرسکتے ،پولیس اپنے فرائض سے باخبر ہے ،بونیر میں داخل ہو نے والوں پر کھڑی نظر رکھے ہوئے ہے ۔انہوںنے کہا کہ تھانہ ڈگر ،تھانہ ناوا گئی اور تھانہ طو طالئی کو ماڈل پولیس سٹیشن بنانے کے لئے ہوم ورک مکمل کیاگیاہے جس پر عنقریب کام شروع کیا جائے گا ۔

ڈگر میں ڈی آر سی سنٹر تقریبا دو ماہ میں مکمل کیا جائے گا اور یہ باضابطہ طور پرکام شروع کریں گے جس کی وجہ سے عوام کے چھوٹے چھوٹے مسائل ڈی آر سی ممبران حل کریں گے پریس کلب آمد پر بونیر پریس کلب کے چیئرمین محب الحق اور کابینہ کے ممبران نے انہیں خوش آمدید کہا ۔