مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان میں داخل، مختلف علاقوں میں بارش ، برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ

زیارت میں برفباری کے باعث پہاڑوں نے سفید چادراوڑھ لی ،قلات میں درجہ حرارت منفی 6 ریکارڈ کیا گیا، خون جمادینے والی سردی کا سلسلہ جاری،آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان دوبارہ برف پڑنے لگی ، وادی ہنزہ میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی استور میں واٹرچینل پربرف کی تہہ جم گئی ، لوگوں کوپانی کے حصول میں مشکلات کاسامنا،دیامراورغذر میں برف سے بعض بالائی علاقوں کازمینی رابطہ منقطع

پیر 23 جنوری 2017 11:37

اسلام آباد /کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جنوری2017ء) مغربی ہواؤں کا فعال سلسلہ بلوچستان میں داخل ہو گیا ،کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور ہلکی برف باری نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا،آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر بھی دوبارہ برف پڑنے لگی ، وادی ہنزہ میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں رات گئے موسلادھاربارش ہوئی کوئٹہ ، قلات اور ژوب ڈویژن میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ، زیارت میں برفباری کے باعث ہر شے نے سفید چادراوڑھ لی قلات میں کم از کم درجہ حرارت مفنی 6 ، کوئٹہ اور بارکھان میں 3 ، ژوب میں 2 ، دالبندین میں 8 ، گوادر اور پسنی میں 17 ، جیونی میں 18 ، نوکنڈی اور لسبیلہ میں 11 ، سبی میں 4 ، خضدار 5 درجے سنیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، کوئٹہ میں بارش کے ساتھ ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری رہا ، نوشکی ، مستونگ ، قلات ، چمن اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پہاڑوں پر برفباری ہوئی جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ۔

(جاری ہے)

۔محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ تک بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش جبکہ کوئٹہ ، ژوب اورقلات ڈویژن کے پہاڑوں پر مزید برف باری ہو گی۔ (آج ) منگل اور بدھ کے روز سندھ میں بھی کہیں کہیں بارش متوقع ہے جبکہ پیر سے جمعرات کے دوران اسلام آباد ، پنجاب ،خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہو سکتی ہے۔

ملک کے بالائی علاقوں میں خون جمادینے والی سردی کا سلسلہ جاری رہا۔ استورکے میدانی اوربالائی علاقوں میں برف باری کے بعد واٹرچینل پربرف کی تہیں جم چکی ہیں اور لوگوں کوپانی کے حصول میں مشکلات کاسامناہے۔ دیامراورغذر میں برف سے بعض بالائی علاقوں کازمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ہنزہ نگرمیں موسم سرما کی پہلی برف باری نے ہر منظرکواوربھی دلکش بنا دیا۔

دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ جبکہ واسا عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق آئندہ ہفتے شدیدبارشوں اورپہاڑوں پربرفباری کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث عوام کو این ڈی ایم اے کی ہدایات پر عمل کی ہدایت کردی گئی ۔